بدھ,  17 دسمبر 2025ء
پاکستان میں فائیو جی لانچنگ کے حوالے سے پی ٹی اے نے بڑا قدم اٹھا لیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز): ملک میں فائیو جی لانچنگ کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے، پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 5 جی کی سیکیورٹی گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ فائیو جی نیٹ ورکس کی محفوظ تنصیب اور آپریشن کو یقینی بنایا جائے گا، صارفین کے ڈیٹا اور قومی ٹیلی کام انفراسٹرکچر کا تحفظ کیا جائے گا۔

فائیو جی سیکیورٹی گائیڈ لائنز بین الاقوامی معیارات کے مطابق تیار کی گئی ہیں، جو قومی سلامتی اور اقتصادی استحکام کے لیے نہایت اہم ہے، کیوں کہ فائیو جی کی کلاؤڈ نیٹو اور ورچوئلائزڈ آرکیٹیکچر سائبر حملوں کے امکانات بڑھاتا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی اے نے صارفین کو سائبر فراڈ سے خبردار کر دیا

پی ٹی اے کے مطابق ہوم نیٹ ورک کنٹرولڈ توثیق کے ذریعے رومنگ فراڈ اور جعلی نیٹ ورک رجسٹریشنز روکی جائیں گی، نیٹ ورک سلائس سیکیورٹی مختلف شعبوں جیسے آئی او ٹی اور عوامی تحفظ کے لیے سخت علیحدگی فراہم کرتی ہے۔

اینڈ یوزر ڈیوائسز اور ایج کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر سب سے زیادہ خطرے والے پوائنٹس ہیں، پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ کور نیٹ ورک حملے توثیق، سیشن مینجمنٹ اور قومی سطح کی مواصلات کو متاثر کر سکتے ہیں، صارف کی پرائیویسی کے تحفظ کے لیے اقدامات لازمی قرار دیے گئے ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق زیرو ٹرسٹ سیکیورٹی ماڈل کے تحت ہر صارف اور ڈیوائس کی مسلسل تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے، ہوم نیٹ ورک کنٹرولڈ توثیق کے ذریعے رومنگ فراڈ کو کم کیا جائے گا، اور جعلی اور غیر قانونی نیٹ ورکس کی رجسٹریشن کو روکا جائے گا۔

فائیو جی کے لیے مضبوط کرپٹو گرافک معیارات لازمی قرار دیے گئے ہیں، حکومت نے مارچ 2026 میں فائیو جی کی لانچنگ کا ہدف مقرر رکھا ہے، اور لانچنگ سے قبل سیکورٹی گائیڈ لائنز جاری کی گئی ہیں۔

مزید خبریں