اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی(این سی سی آئی اے ) نے صارفین کو واٹس ایپ ہیک ہوجانے کی صورت ایمرجنسی پروٹوکول سے آگاہ کردیا۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق اگر آپ کا واٹس ایپ ہیک ہو جائے اور آپ اپنے اکاؤنٹ تک رسائی کھو دیں یا پھر آپ کو شک ہو کہ کوئی اور اسے استعمال کررہا ہے تو فوراً دوبارہ رجسٹر کریں ، واٹس ایپ کو ان انسٹال کرکے دوبارہ انسٹال کریں۔
واٹس ایپ لاگ ان کرنے کے لیے اپنا فون نمبر درج کریں، آپ کو ایس ایم ایس کے ذریعے 6 ہندسوں کا کوڈ موصول ہوگا، اسے فوراً درج کریں۔
حکام کے مطابق کوڈ کا فائدہ یہ ہوگا کہ کوڈ درج کرتے ہی ہیکر کے موبائل سے آپ کا واٹس ایپ فوراً لاگ آؤٹ ہو جائے گا کیونکہ واٹس ایپ ایک وقت میں صرف ایک موبائل پر ایکٹیو رہ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: کون سے صارفین اب واٹس ایپ استعمال نہیں کرسکیں گے؟
حکام کے مطابق اگر ہیکر نے “Two-Step Verification” آن کر دی ہے اور آپ کو PIN نہیں معلوم تو واٹس ایپ آپ کو 7 دن انتظار کرنے کا کہہ سکتا ہے، ان 7 روز کے انتظار سے بالکل پریشان نہ ہوں۔
جب تک آپ نے ایس ایم ایس کوڈ (اسٹیپ 1) درج کردیا ہے، ہیکر لاگ آؤٹ ہو چکا ہے، اس انتظار کے دوران کوئی بھی آپ کا اکاؤنٹ استعمال نہیں کر سکتا اور نہ ہی پیغامات پڑھ سکتا ہے۔
حکام کے مطابق اگر آپ نے پہلے ای میل ایڈریس لنک کیا ہوا تھا، تو “Forgot PIN” پر کلک کریں اور انتظار کیے بغیر فوراً اپنا PIN ری سیٹ کریں۔











