اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اگر آپ کو دیگر سوشل میڈیا ایپس کے مقابلے میں فیس بک کو استعمال کرنا پسند ہے تو اچھی خبر یہ ہے کہ میٹا نے اس میں نئی اپ ڈیٹس کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ان اپ ڈیٹس کا مقصد فیس بک فیڈ کو بہتر بنانا اور اس کے استعمال کے دوران دلچسپ چیزوں کو دریافت کرنے، بنانے یا شیئر کرنے کا عمل آسان بنانا ہے۔
نئی اپ ڈیٹس کا بنیادی مقصد ہی فیس بک کے استعمال کو سادہ بنانا ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ اب میٹا کو احساس ہوا ہے کہ اس نے فیس بک صارفین کو ضرورت سے زیادہ فیچرز فراہم کر دیے ہیں جو ان کی سمجھ سے باہر ہوتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ سب سے پہلے فیس بک فیڈ کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
جیسے اگر آپ متعدد تصاویر پوسٹ کریں گے تو فیس بک کی جانب سے ایک اسٹینڈرڈ گرڈ بنائی جائے گی۔
جب آپ فیڈ پر کسی چیز پر کلک کریں گے تو اسے فل اسکرین ویو میں دیکھ سکیں گے۔
ایک اور اچھی تبدیلی یہ ہے کہ اب آپ کسی تصویر کو ڈبل کلک یا tap کرکے لائیک کرسکیں گے۔
فیس بک سرچ رزلٹس میں اب مواد کو زیادہ بہتر گرڈ لے آؤٹ میں پیش کیا جائے گا جو تمام اقسام کے مواد کو سپورٹ کرے گا۔
مزید پڑھیں: اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، موبائل فون پر ٹیکس میں کمی پر غور
کمپنی کی جانب سے نئے فل اسکرین ویور کی آزمائش بھی کی جا رہی ہے تاکہ تصاویر اور ویڈیوز کو سرچ کے دوران ڈھونڈا جاسکے۔
اسی طرح کمپنی نے بتایا کہ اب آپ فیس بک پوسٹ یا ریل پر فیڈ بیک دے سکیں گے تاکہ متعلقہ مواد زیادہ یا کم دکھایا جاسکے۔
یہ فیچر آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں دستیاب ہوگا اور صارفین فیس بک الگورتھم پر کچھ کنٹرول حاصل کرسکیں گے۔
فیس بک کی جانب سے زیادہ استعمال ہونے والے ٹیب بار فیچرز جیسے ریلز، فرینڈز، مارکیٹ پلیس اور پروفائل وغیرہ کو ٹیب بار کے فرنٹ اور سینٹر کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ ان تک رسائی آسان اور تیز ہوسکے۔
کمپنی نے وعدہ کیا ہے کہ مینیو کے ڈیزائن کو بھی ریفریش کیا جائے گا۔
ایک اور تبدیلی یہ ہے جب آپ پروفائل میں تبدیلیاں کریں گے تو مشترکہ دلچسپیوں سے متعلق دوستوں کی سجیشنز نظر آئیں گی۔











