اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد میں عوامی انٹرنیٹ تک رسائی بہتر بنانے کے لیے حکومت نے دسمبر 2025 تک 30 مفت وائی فائی ہاٹ اسپٹس فعال کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔
قومی ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NTC) نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور مقررہ مدت میں ہاٹ اسپٹس فعال کر دیئے جائیں گے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام حکومتی پالیسی کے تحت ملک بھر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کی طرف اہم پیش رفت ہے۔
منصوبے کے تحت وفاقی دارالحکومت کے اہم مقامات، مرکزی مارکیٹس، عوامی مقامات اور سرکاری عمارتوں میں ہاٹ اسپٹس نصب کیے جائیں گے تاکہ شہریوں، طلبہ اورملازمین کو ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ تک آسان رسائی مل سکے۔
مزید پڑھیں: سکیورٹی خدشات ، بلوچستان کے بیشتر شہروں میں تین دن کیلئے انٹرنیٹ سروس معطل
این ٹی سی نے مزید بتایا کہ وہ اس وقت ملک کے 100 سے زائد شہروں میں 3 ہزار سے زیادہ سرکاری و نجی اداروں کو انٹرنیٹ، کمیونیکیشن اورسائبرسکیورٹی خدمات فراہم کر رہی ہے۔
حکام کے مطابق اسلام آباد میں مفت وائی فائی منصوبہ شہر کو ٹیکنالوجی فرینڈلی بنانے اور ڈیجیٹل خدمات کی وسعت بڑھانے کی جانب اہم قدم ثابت ہوگا۔
اس سے قبل اجلاس میں بریفنگ دی گئی تھی کہ سی ڈی اے کی ٹیکنیکل ٹیم منصوبے کی تکمیل میں این ٹی سی کی مکمل معاونت کرے گی جبکہ سسٹم کا آپریشن اورمینٹیننس این ٹی سی کے سپرد ہو گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا مکمل ’’فری وائی فائی سٹی‘‘ بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔











