اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) میٹا نے فیس بک میں خاموشی سے نیا فیچر شامل کر دیا۔ جو پوسٹنگ کے عمل کو زیادہ بہتر بنائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میٹا کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کو ایپس کے مختلف حصوں میں شامل کیا جا رہا ہے۔ اور میٹا اے آئی کو ابھی آپ اپنی مرضی کی تصاویر تیار کرانے کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ اسے صرف تحریری ہدایات دینے کی ضرورت ہو گی۔
یہ عمل فیس بک میں ابھی تک میٹا اے آئی سے براہ راست چیٹ یا دیگر طریقوں سے ممکن ہوتا تھا۔ لیکن اب آپ براہ راست فیس بک پوسٹس میں میٹا اے آئی کو تصاویر کی تیاری کے لیے استعمال کرسکیں گے۔
اس مقصد کے لیے فیس بک کے واٹس آن یور مائنڈ پوسٹ باکس میں ایک نئے بٹن کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اور یہ بٹن اس باکس میں نیچے دائیں جانب ایموجی فیس کے برابر میں بنا ہوا ہوگا جس پر کلک کرکے آپ میٹا اے آئی سے اپنی مرضی کی تصاویر تیار کروا سکتے ہیں۔
جب آپ تحریری ہدایات دیں گے تو میٹا اے آئی کی جانب سے تصویر کے 4 آپشنز دیئے جائیں گے جن میں سے کسی ایک کو آپ سلیکٹ کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سوشل میڈیا پر پنجاب پولیس کی وردی کے غلط استعمال پر عوامی تشویش
بائیں جانب اے آئی کی تیار کردہ تصویر کو ایڈٹ کرنے کے لیے مختلف آپشنز بھی موجود ہوں گے۔ جب آپ پوری طرح مطمئن ہو جائیں تو بس ڈن پر کلک کرکے اسے پوسٹ کرسکتے ہیں۔ یہ فیچر بتدریج متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوا ہے اور ابھی تمام افراد کو دستیاب نہیں۔











