اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سام سنگ نے اپنی مشہور ایم سیریز کا نیا اسمارٹ فون گلیکسی ایم17 متعارف کروا دیا ہے، جسے کیمروں اور میموری آپشنز کی وجہ سے بہترین سمجھا جا رہا ہے۔
یہ فون دراصل گزشتہ ماہ لانچ ہونے والے گلیکسی ایف 17 کا نیا ورژن ہے، جو خود گلیکسی اے17 کا ری برانڈڈ ماڈل تھا۔ اس طرح ایم 17 اس فون کی تیسری شکل کے طور پر سامنے آیا ہے۔
قیمت کے اعتبار سے ایم 17 اس سیریز کا نسبتاً سب سے سستا ماڈل ہے، کمپنی نے فون کو 7-6انچ اسکرین، فنگر پرنٹ سینسر سمیت دیگر سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ متعارف کرایا ہے جب کہ فون میں طاقتور بیٹری بھی دی گئی ہے۔
سام سنگ ’ایم 17‘ کو 5 ہزار ایم اے ایچ بیٹری اور 25 واٹ کے فاسٹ چارجر کے ساتھ پیش کیا گیا ہے جب کہ اسے 4، 6 اور 8 جی بی ریم اور ایک ہی 128 جی بی میموری کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں موبائل ڈیٹا کا استعمال بڑھ گیا
فون کے بیک پر تین کیمرے جب کہ فرنٹ پر ایک ہی کیمرا دیا گیا ہے، کمپنی کے مطابق کیمرا ٹیکنالوجی کو پہلے سے زیادہ بہتر کردیا گیا۔
فون کے بیک پر مین کیمرا 50 میگا پکسل، دوسرا 5 اور تیسرا 2 میگا پکسل کا کیمرا دیا گیا ہے جب کہ فرنٹ پر 13 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔
کمپنی نے ابتدائی طور پر مذکورہ فون کو محدود ممالک میں فروخت کیلیے پیش کیا ہے، جس کی قیمت مختلف ممالک میں اس کی مقامی کرنسی کے مطابق ہوگی۔ پاکستان میں متعارف کرائے جانے کے بعد اس فون کی قیمت 55 ہزار سے 65 ہزار روپے تک ہوسکتی ہے۔