پیر,  06 اکتوبر 2025ء
ایسا فیچر جو واٹس ایپ کو ہمیشہ کیلئے بدل دے گا!

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک بڑی اور انقلابی تبدیلی آنے والی ہے، جو اس ایپ کے استعمال کے انداز کو مکمل طور پر بدل کر رکھ دے گی۔ اب تک واٹس ایپ اکاؤنٹس ہمیشہ صارف کے فون نمبر سے جڑے ہوتے تھے، مگر اب میٹا (Meta) کی جانب سے یوزر نیم سپورٹ متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔

معروف ویب سائٹ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق یہ نیا فیچر صارفین کو واٹس ایپ پر رابطہ کرنے کے لیے فون نمبر شیئر کرنے کی شرط سے آزاد کر دے گا۔ یعنی آپ اپنی مرضی کا یوزر نیم منتخب کرکے صرف اسے استعمال کرتے ہوئے دوسروں سے جڑ سکیں گے  اور آپ کا فون نمبر نجی ہی رہے گا۔

واٹس ایپ کی اپ ڈیٹ میں ایک نیا “یوزر نیم ریزرویشن سسٹم” سامنے آیا ہے جو اس بات کا عندیہ دیتا ہے کہ یہ فیچر جلد متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

اس سسٹم کے ذریعے صارفین اپنے من پسند یوزر نیم پہلے سے ریزرو کر سکیں گے تاکہ فیچر کے باقاعدہ آغاز پر انہیں اپنا یوزر نیم حاصل کرنے میں مشکل نہ ہو۔

اگرچہ ابھی تک میٹا نے اس فیچر کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے، مگر یہ بیٹا (beta) ورژن میں محدود صارفین کے لیے دستیاب ہو چکا ہے۔ اس بات سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ جلد ہی یہ تمام صارفین کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔

اس فیچر کے تحت جب کوئی صارف اپنا یوزر نیم سیٹ کرے گا، تو اس کا فون نمبر دوسرے صارفین سے چھپایا جا سکے گا، جس سے پرائیویسی اور سیکیورٹی میں واضح بہتری آئے گی۔ ساتھ ہی، صارفین کو اپنے یوزر نیم کو تبدیل کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی، جس سے پروفائل پر ان کا کنٹرول مزید بڑھ جائے گا۔

مزید پڑھیں: فیس بک نے ایک کروڑ جعلی پروفائلز ڈیلیٹ کر دی

ماہرین کا ماننا ہے کہ یوزر نیم سپورٹ کا یہ فیچر واٹس ایپ کو صرف ایک میسیجنگ ایپ کے بجائے ایک مکمل کمیونیکیشن پلیٹ فارم میں تبدیل کر دے گا۔ لوگ اب اپنے یوزر نیم کے ذریعے دوستوں، خاندان اور نئے کانٹیکٹس سے رابطہ کر سکیں گے، بغیر فون نمبر شیئر کیے۔

گوکہ فی الحال یہ فیچر صرف بیٹا ورژن میں ہے، مگر جس تیزی سے واٹس ایپ اس پر کام کر رہا ہے، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ جلد ہی یہ فیچر تمام صارفین کیلئے دستیاب ہوگا  اور یہ واٹس ایپ کے استعمال کا انداز ہمیشہ کیلئے بدل دے گا۔

مزید خبریں