اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ترکیہ کی حکومت نے ملک بھرمیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایکس (سابقہ ٹوئٹر)، یوٹیوب، انسٹاگرام، فیس بک، ٹک ٹاک اور واٹس ایپ سمیت دیگر تک رسائی محدود کر دی ہے۔
دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی نگرانی کرنے والے پلیٹ فارمز’نیٹ بلاکس’ کے مطابق حکومت نے اپوزیشن جماعت ری پبلکن پیپلز پارٹی (سی ایچ پی) کے احتجاج کے پیش نظر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک عوام کی رسائی محدود کی ہے۔
سی ایچ پی نے استنبول میں اپنے ہیڈکوارٹر کے ارد گرد پولیس کی جانب سے رکاوٹیں لگانے کے بعد عوامی ریلیوں کا مطالبہ کیا تھا۔
برطانوی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ نے ترکیہ کی فریڈم آف ایکسپریشن ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی کے مسائل اتوار کی شام 8:45 پر شروع ہوئے، جب ان پلیٹ فارمز کی بینڈوتھ محدود کر دی گئی۔
فریڈم آف ایکسپریشن ایسوسی ایشن انٹرنیٹ پر مقامی سنسرشپ کی نگرانی کرتی ہے۔
مزید پڑھیں: ملک میں انٹرنیٹ سروس متاثر، ترجمان پی ٹی سی ایل نے وجہ بتا دی
ترکیہ کے ’ایکسیس پرووائیڈرز یونین‘ نے سوشل میڈیا تک رسائی محدود کرنے سے متعلق معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیاہے۔ ’ایکسیس پرووائیڈرز یونین‘ ترکیہ میں انٹرنیٹ بلاکنگ کے فیصلوں پر عمل درآمد کرنے کا ذمہ دار ہے۔