اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون کلوننگ اور آئی ایم ای آئی نمبرز میں غیر قانونی تبدیلی کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔
پی ٹی اے نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی ایبٹ آباد کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اس ہفتے مختلف مقامات پر چھاپے مارے، جہاں موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبرز میں رد و بدل اور غیر قانونی پیچڈ ڈیوائسز فروخت کرنے کی شکایات تھیں۔
چھاپے ہری پور کے موچی بازار فوارہ مسجد کے قریب مرمت کی دکانوں اور مین جی ٹی روڈ کے مختلف مقامات پر مارے گئے، ان کارروائیوں میں موبائل فونز، کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس، یو ایس بی ڈیوائسز اور ڈی وی آر سسٹم برآمد ہوئے، جبکہ تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
پی ٹی اے نے کہا کہ آئی ایم ای آئی نمبرز میں چھیڑ چھاڑ اور کلون ڈیوائسز کی خرید و فروخت برداشت نہیں کی جائے گی، غیر قانونی اقدامات نہ صرف عوام کے اعتماد کو نقصان پہنچاتے ہیں، بلکہ سائبر فراڈ، مالی دھوکہ دہی، اغوا اور دیگر جرائم کے امکانات کو بھی بڑھاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: وی پی این کے استعمال پر پابندی لگانے کا کوئی منصوبہ نہیں ، پی ٹی اے
پی ٹی اے نے عوام کو آگاہ کیا ہے کہ کلون موبائلز پاکستان کے ڈیجیٹل نظام اور قومی سلامتی دونوں کے لیے خطرہ ہے، اس لئے مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ قانونی کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔