اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پی ٹی اے نے اس دعوے کی سختی سے تردید کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی صارف ایک ماہ کے دوران پانچ سے زیادہ سمز ایک ہی موبائل فون میں استعمال کرے گا تو اس کا آئی ایم ای آئی بلاک کردیا جائے گا۔
پی ٹی اے کی ڈائریکٹر کمیونی کیشنز زیب النساء نے واضح کیا ہے کہ ایسی کوئی ایڈوائزری جاری نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا پیغام سراسر گمراہ کن ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی اے صرف آئی ایم ای آئی ڈپلیکیشن اور کلوننگ کی نگرانی کرتا ہے اور اس حوالے سے کارروائیاں بھی کرتا ہے، جس میں مشکوک ڈیوائسز کو بلاک کرنا، ایف آئی اے کے ساتھ چھاپے مارنا اور عوامی آگاہی مہم شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہورہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں صارفین کے پانچ سے زیادہ سمز استعمال کرنے پر موبائل فون بلاک کرنے کا انتباہ ہے۔
مزید پڑھیں: وی پی این کے استعمال پر پابندی لگانے کا کوئی منصوبہ نہیں ، پی ٹی اے