هفته,  23  اگست 2025ء
کیا آپ اپنے اینڈرائیڈ فون کی کال سیٹنگز میں تبدیلی کی وجہ جانتے ہیں؟

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)حال ہی میں پاکستان سمیت بھارت کے اینڈرائیڈ صارفین نے بھی اپنے اسمارٹ فون کی کال سیٹنگز میں اچانک اور خودبخود سامنے آنے والی تبدیلی محسوس کی، اس تبدیلی کے بعد اینڈرائیڈ صارفین کے موبائلز میں کال کرتے یا کال موصول ہونے پر فون کا انٹر فیس ہی تبدیل ہوگیا ۔

اس تبدیلی کو سوشل میڈیا پر متعدد اینڈرائیڈ صارفین نے کہیں ہیکنگ قرار دیتے ہوئے شکوک وشبہات کاا ظہار کیا تو کہیں کچھ صارفین اسے اینڈرائیڈ اپ ڈیٹ  قرار دے کر مطمئن نظر آئے ۔

تبدیلی کیا ہوئی؟

نئی تبدیلی کے تحت اب آپ اپنے اینڈرائیڈ فون  کو کھولنے پر گوگل کی جانب سے’ریسنٹ‘ یعنی حال ہی میں کی جانے والی کالز یا ’فیورٹس‘ کی آپشنز کو حذف ہوا دیکھتے ہیں، گوگل نے ان آپشنز کو حذف  کرکے ’ہوم‘ میں ضم کر دیا ہے، نئی تبدیلی کے بعد اب صرف ’ہوم‘ اور ’کی پیڈ‘ یعنی ڈائلر کی آپشنز نظر آتی ہیں۔

 نئی تبدیلی کیوں کی گئی؟

اگر آپ بھی اپنے موبائل فون میں سامنے آنےوالی اس اچانک تبدیلی سے پریشان ہیں تو آئیے اس کی وجہ جانتے ہیں ۔

برطانوی نشریاتی ادارے( بی بی سی) کی ایک رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ اسمارٹ فون کا سافٹ وئیر بنانے اور اپڈیٹ کرنیوالی کمپنی گوگل نے مئی میں ہی اس تبدیلی کے حوالے سے اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹرز کی کامیاب سرجری، مصری شہری کے معدے سے موبائل فون نکال لیا

گوگل کی جانب سے کیے گئے اعلان میں بتایا گیا تھا کہ کمپنی ’مٹیریل تھری ایکسپریسیو‘ نامی سب سے بڑی اپ ڈیٹس پر کام کررہی ہے،  اس اپ ڈیٹ کے ذریعے فون کے سافٹ وئیر اور ڈسپلے کو  زیادہ سادہ، آسان، تیز اور معلوماتی بنایا جائے گا۔

اس تبدیلی کے بعد ڈسپلے سیٹنگز میں کئی چیزیں مثلاً نوٹیفکیشنز، کلر تھیمز، فوٹوز، جی میل اور واچ وغیرہ بھی تبدیل ہوجائیں گی، گوگل کے مطابق  اس تبدیلی  کا مقصد کال ایپ کو آسان بنانا ہے۔

جن صارفین کو نہیں پتا ان کو بتاتے چلیں اس اپ ڈیٹ سےقبل اینڈرائیڈ فونز کا ڈسپلے ’مٹیریل یو‘ کے ڈیزائن پر چل رہا تھا۔

مزید خبریں