اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) واٹس ایپ کی جانب سے ایک ایسے بہترین پرائیویسی فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جو صارفین کو ضرور پسند آئے گا۔
Wabetainfo کی رپورٹ کے مطابق میٹا کی جانب سے آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا (beta) ورژنز میں ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی نامی آپشن کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
اس فیچر کے ذریعے آپ دیگر افراد کو اپنی چیٹ ایکسپورٹ کرنے یا آپ کی جانب سے بھیجی گئی تصاویر اور ویڈیوز کو خودکار طور پر محفوظ کرنے سے روک سکتے ہیں۔
اس نئی ایڈوانسڈ پرائیویسی سیٹنگ کا اطلاق ون آن ون اور گروپس چیٹس دونوں میں ہوگا۔
جب سیٹنگ کو ٹرن آن کیا جائے گا تو ون آن ون چیٹ یا گروپ چیٹ میں کوئی بھی فرد پوری چیٹ ہسٹری کو واٹس ایپ سے باہر ایکسپورٹ نہیں کیا جاسکے گا۔
اسی طرح آپ کی جانب سے بھیجی گئی تصاویر اور ویڈیوز بھی خودکار طور پر دیگر افراد کی ڈیوائسز کی گیلریز میں محفوظ نہیں ہوں گی۔
البتہ رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ دیگر افراد مینوئلی طریقے میڈیا فائلز کو محفوظ کرسکیں گے یا نہیں۔
جب گروپ چیٹ میں اس سیٹنگ کو ان ایبل کیا جائے گا تو اس میں موجود ہر فرد کو نوٹیفکیشن بھیج کر ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی سیٹنگ کو آن کرنے کا بتایا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق البتہ اس سیٹنگ کو آن کرنے سے ون آن ون یا گروپ چیٹس میں میٹا اے آئی چیٹ بوٹ ٹرن آف ہو جاتا ہے یا کم از کم بیٹا ورژنز میں تو ایسا ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ اس فیچر کے بعد پوری چیٹ کو ایکسپورٹ کرنے سے روکنا ممکن ہے مگر پھر بھی انفرادی میسجز یا اسکرین شاٹس کو ضرور فارورڈ کیا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: میٹا کا اے آئی پر مشتمل روبوٹس تیار کرنے کا منصوبہ
یعنی آپ مکمل طور پر اپنے میسجز کو ایکسپورٹ کرنے سے نہیں روک سکتے مگر پھر بھی کافی حد تک ایسا ممکن ہو جائے گا۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژنز میں متعارف کرایا گیا ہے تو یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔