اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) میٹا نے صارفین کو ٹک ٹاک کی بجائے انسٹا گرام استعمال کرنے پر مجبور کرنے کیلئے نئے پروگرام پر عملدرآمد شروع کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹا کی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام کی جانب سے کونٹینٹ کری ایٹرز کو ماہانہ 10 سے 50 ہزار ڈالرز تک کا بونس دیا جائے گا، تاہم شرط یہ ہے کہ وہ اپنی ویڈیوز ٹک ٹاک سمیت کسی اور پلیٹ فارم سے قبل انسٹا گرام ریلز میں پوسٹ کریں۔
میٹا کی جانب سے اس رپورٹ پر ابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا، یہ واضح نہیں کہ اس نئے پروگرام پر صارفین کا ردعمل کیا ہے یا اس سے کیا اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
میٹا کی جانب سے اس سے قبل بھی اپنے پلیٹ فارمز پر صارفین کو کھینچنے کیلئے مالیاتی مراعات دی گئی ہیں مگر اس طرح کی مراعات ہمیشہ عارضی ہوتی ہیں۔
مثال کے طور پر میٹا نے ریلز پلے بونس پروگرام کو ختم کردیا جو کہ ٹک ٹاک کے کری ایٹر فنڈ پروگرام سے ملتا جلتا تھا، اب نئے پروگرام کے تحت دی جانے والی رقم بھی زیادہ طویل عرصے تک ملنے کا امکان نہیں، یہ ٹک ٹاک کے صارفین کو اپنی جانب کھینچنے کیلئے انسٹا گرام کی جانب سے کیا جانے والا واحد قدم نہیں۔
گزشتہ چند روز کے دوران انسٹا گرام میں کافی تبدیلیاں کی گئی ہیں، مثال کے طور پر چوکور گریڈ کو ریلز ویڈیوز کیلئے ریکٹ اینگل ڈیزائن میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت میں ہوائی جہاز کو دھکا لگانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
انسٹا گرام کی جانب سے ایک نئی ویڈیو ایڈیٹنگ ایپ ایڈٹس کو بھی متعارف کرایا گیا ہے جو ٹک ٹاک کی کیپ کٹ ایپ کو ٹکر دے گی۔ انسٹا گرام کی جانب سے ریلز ویڈیوز کے دورانیے کو بھی 90 سیکنڈ سے بڑھا کر 3 منٹ کردیا گیا ہے۔
میٹا کو توقع تھی کہ امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی سے انسٹا گرام میں صارفین کی تعداد بڑھانے میں مدد ملے گی مگر ٹک ٹاک ایپ ایک دن کے اندر ہی دوبارہ بحال ہوگئی، البتہ اب بھی امریکا میں ایپ اسٹورز میں ٹک ٹاک ڈاؤن لوڈ کیلئے دستیاب نہیں۔