پیر,  07 اکتوبر 2024ء
گوگل پاسورڈز ختم کرنے جا رہا ہے؟ ٹیکنالوجی کی دنیا سے دلچسپ خبر

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن گوگل اپنے پاس ورڈ مینیجر کے لیے ایک نئی اپ ڈیٹ جاری کرنے جا رہا ہے۔

اس نئی اپ ڈیٹ کے ذریعے صارفین کے لیے کروم ویب براؤزر پر متعدد ڈیوائسز میں ’پاس کی (passkey)‘ ٹول کا استعمال آسان بنا دیا گیا ہے۔

’پاس کی‘ ٹول بنیادی طور پر پاس ورڈز کا متبادل ہے جسے صارفین گوگل سروسز اور دیگر اکاؤنٹس میں سائن اِن ہونے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

مائیکروسافٹ اسٹارٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ ٹول ابھی صرف اینڈرائیڈ صارفین کو دستیاب ہے، دیگر ڈیوائسز پر اس ٹول کا استعمال کرنے کے لیے انہیں کیو آر (QR) کوڈ اسکین کرنے کی ضرورت پڑتی ہے۔

اب حالیہ اپ ڈیٹ کے بعد ’پاس کی‘ ٹول کسی بھی ڈیوائس میں مختلف اکاؤنٹس پر لاگ ان ہونے کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

کمپنی نے بتایا ہے کہ گوگل کروم کے لیے یہ نیا ٹول اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے ساتھ ساتھ ونڈوز، میک او ایس اور لنکس آپریٹنگ سسٹمز میں بھی دستیاب ہو گا۔

کروم او ایس کے لیے فی الحال اس نئی اپ ڈیٹ کا بِیٹا ٹیسٹ جاری ہے لیکن کمپنی کا کہنا ہے کہ آئی او ایس سپورٹ بھی جلد ہی آ رہی ہے۔

کمپنی نے بتایا ہے کہ اس نئی اپ ڈیٹ کے ذریعے ایک بار ’پاس کی‘ محفوظ ہونے کے بعد خود بخود گوگل پاس ورڈ منیجر کا استعمال کرتے ہوئے دوسری ڈیوائسز کے ساتھ جڑ جائے گی۔

کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ ڈیٹا اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہے جس کے باعث کسی ہیکر ڈیٹا تک رسائی حاصل کر کے اسے چوری کرنا بہت مشکل ہو گا۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ’پاس کیز‘ روایتی پاس ورڈز سے مختلف ہیں کیونکہ یہ ڈیجیٹل کریڈینشیل ہیں جو صارفین کو پاس ورڈز کے بغیر ہی مختلف اکاؤنٹس میں سائن اِن کرنے کی اجازت دینے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ کمپنی گزشتہ برس سے اپنے سافٹ ویئرز سوٹ میں ’پاس کیز‘ کا استعمال کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں: گوگل کروم میں بہترین اے آئی ٹول صارفین کو دستیاب

مزید خبریں