منگل,  13 جنوری 2026ء
لاس اینجلس میں فلاحی کنسرٹ، فلسطین اور سوڈان کے بچوں کیلئے 5.4 ملین ڈالر جمع

لاس اینجلس (روشن پاکستان نیوز) لاس اینجلس میں منعقد ہونے والے تیسرے فلاحی آرٹسٹس فار ایڈ  کنسرٹ میں فلسطین چلڈرنز ریلیف فنڈ اور سوڈانی امریکن فزیشن ایسوسی ایشن کے لیے 5.4  ملین ڈالر جمع کیے گئے۔

کنسرٹ کا انعقاد کینیڈین سوڈانی فنکار مصطفیٰ دی پوئٹ نے کیا جبکہ سپر ماڈل بیلا حدید اور اداکار پیڈرو پاسکال نے میزبانی کی۔ اس فنکارانہ پروگرام کا مقصد جنگ زدہ فلسطینی علاقوں اور سوڈان میں بچوں کے لیے فوری طبی امداد اور ریلیف فراہم کرنا اور موسیقی کے ذریعے عالمی یکجہتی کا پیغام دینا تھا۔ مصطفیٰ نے کہا کہ ایک فنکار کی طاقت موسیقی کے علم سے نہیں بلکہ ہمدردی کے پھیلاؤ سے آتی ہے۔

کیا فلسطینی چیریٹی گانا “لوری” برطانیہ کا کرسمس نمبر ون بن سکتا ہے؟

بیلا حدید نے خطاب میں کہا کہ کنسرٹ کے پیچھے بنیادی مقصد فلسطینی اور سوڈانی عوام کی حمایت ہے، جو جنگ، بے دخلی، بھوک اور تشدد سے متاثر ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ آواز بلند کرنا اور بچوں کی بات سننا دنیا میں سب سے اہم کام ہے۔

فلاحی کنسرٹ میں عالمی شہرت یافتہ فنکاروں نے پرفارم کیا، جن میں الیکس G، کلائرُو، شون مینڈیز، رےن لیناے، ریکس اورنج کاؤنٹی، عمر اپولو، اور دیگر شامل تھے۔ شو کے دوران چاپل روآن نے حیران کن طور پر اسٹیج پر نمودار ہو کر سامعین کو محظوظ کیا۔ فلسطینی اور سوڈانی امریکی شاعروں نور ہندی اور صافیہ الحلو نے موجودہ بحرانوں پر خصوصی پرفارمنس دی۔

فلسطین چلڈرنز ریلیف فنڈ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ کنسرٹ میں شامل ہونا اعزاز کی بات تھی، خاص طور پر غزہ سے علاج کے لیے نکالے گئے بچوں ضیا اور ایہام کو دیکھ کر دل کو سکون ملا۔

یہ کنسرٹ نہ صرف فلسطین کے لیے فنڈ جمع کرنے کی کوششوں میں شامل تھا بلکہ سوڈان کے لیے بڑے پیمانے پر فنڈ ریزنگ کا پہلا موقع بھی سمجھا گیا۔

مزید خبریں