دبئی(روشن پاکستان نیوز) بھارت کے معروف اداکار شاہ رخ خان نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ ایک دن اپنے بچوں کے ساتھ پشاور آئیں گے، پاکستان کی سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کی سوشل میڈیا پر پرانی ویڈیو وائرل ہے جس میں انہوں نے شاہ رخ خان کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔
ایک تقریب کے دوران انہوں نے اداکار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بھارت کے ساتھ پاکستان میں بھی اتنے ہی مقبول ہیں، جس پر شاہ رخ نے کہا کہ میرے خاندان کا تعلق پشاور سے رہا ہے اور وہ اب بھی وہیں (قصہ خوانی) میں مقیم ہیں۔
حنا ربانی کھر کی شاہ رخ خان کو پشاور پاکستان آنے کی دعوت، امید ہے ایک دن میں اپنے بچوں کے ساتھ پاکستان آسکوں گا،شاہ رخ خان pic.twitter.com/8it0pMPRsq
— Muhammad Zeeshan Awan (@surrakimuhammad) December 29, 2025
اس موقع پر حنا ربانی کھر نے انہیں پاکستان آنے کی دعوت دی کہ آپ کے پاس تو پشاور آنے کا ایک بہترین جواز موجود ہے۔
مزید پڑھیں: شاہ رخ نے کاجول اور ٹوئنکل کے شو میں آنے سے انکار کی وجہ بتادی
جس کے جواب میں اداکار نے کہا کہ انشاء اللہ میں پاکستان ضرور آؤں گا، میں اپنے بچوں کو وہاں لانا چاہتا ہوں اور انہیں اپنا آبائی علاقہ دکھانا چاہتا ہوں، میں خود پاکستان جا چکا ہوں۔
شاہ رخ کا کہنا تھا کہ میرے والد مجھے پشاور اس وقت لے گئے تھے جب میں پندرہ سال کا تھا اور پھر اگلے سال بھی گیا، جس کے بعد میرے والد کا انتقال ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے والد کے ساتھ سب سے خوبصورت وقت پشاور اور سوات میں گزارا، لاہور کراچی سمیت ہر جگہ گیا تھا۔











