اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) – معروف پاکستانی اداکارہ اور مارننگ شو کی میزبان مشی خان نے بھارت کے مشہور ٹی وی کوئز شو “کون بنے گا کروڑ پتی” کے حالیہ ٹریلر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے بھارتی میڈیا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ پرانے اسکرپٹس دہرا کر جھوٹی حب الوطنی دکھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
مشی خان نے کہا، “بھارتیوں کچھ نیا کرتے، پرانا اسکرپٹ دہرانے کی کیا ضرورت ہے؟ آپریشن سندور کے نام پر جو جھوٹ گھڑا جا رہا ہے، اس کے بعد بھی شرم نہیں آئی؟” انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، خاص طور پر آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے بعد بھارتی میڈیا کو جھوٹے بیانیے بنانے کی بجائے سچ کا سامنا کرنا چاہیے۔
حال ہی میں بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر “کون بنے گا کروڑ پتی” کا نیا ٹریلر سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا ہے جس میں بھارتی بری، بحری اور فضائیہ کی تین خواتین افسران — کرنل صوفیہ قریشی، ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ اور کمانڈر پریرنا دیوستھلی — کو پروگرام میں شرکت کرتے اور پاکستان کے خلاف “آپریشن سندور” سے متعلق متنازع اور من گھڑت بیانات دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد میں مساجد کا انہدام: اداکارہ مشی خان نے پیغام میں لوگوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا
مشی خان کا کہنا تھا کہ “پاکستان کے خلاف اس طرح کے جعلی بیانیے گھڑ کر بھارتی عوام کو حقیقت سے دور رکھا جا رہا ہے۔” انہوں نے بھارتی پروپیگنڈہ میڈیا کو مشورہ دیا کہ وہ نفرت انگیزی کی بجائے امن اور حقیقت پسندی کو فروغ دے۔
واضح رہے کہ مشی خان ماضی میں بھی بھارتی فلم انڈسٹری اور میڈیا کے جھوٹے دعوؤں پر آواز بلند کرتی رہی ہیں، اور ان کی حالیہ تنقید نے ایک بار پھر دونوں ممالک کے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔