ہانیہ عامر کی کاسٹنگ پر تنقید کرنے والوں کو دلجیت نے آڑے ہاتھوں لے لیا

ممبئی(روشن پاکستان نیوز) پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے ماحول میں گلوکارواداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنی متوقع فلم سردار جی 3 کا ٹریلرریلیز کر کے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا۔

جہاں ایک طرف دلجیت کی فلم کی شوٹنگ اور میکنگ کی خبریں چھا گئی تھیں، وہیں اس ٹریلر نے بھارتی مداحوں میں ایک نیا تنازعہ کھڑا کر دیا، خاص طور پر پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی کاسٹنگ کے حوالے سے۔

جیسے ہی فلم کا ٹریلر سامنے آیا، سوشل میڈیا پربھارتی مداحوں کے شدید ردعمل کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس کے بعد دلجیت نے بالآخر اپنی خاموشی توڑ کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

دلجیت نے ایک انٹرویو کے دوران کہا، ”دنیا بھر میں جنگوں کی لپیٹ میں آئے ممالک کے درمیان، ہمیں قوموں کی حدود سے ماورا ہو کر ایک عالمی نقطہ نظر اپنانا چاہیے۔“

انہوں نے مزید کہا کہ ”موسیقی وہ طاقت ہے جو قوموں کو متحد کرتی ہے اور میں اس کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔“

دلجیت نے یہ بھی واضح کیا کہ ”ہمیں سرحدوں سے آزاد ہو کر دنیا کی خوبصورتی کو دیکھنا چاہیے۔ یہ تمام سرحدیں ہماری دھرتی ماں کا حصہ ہیں، اور میں ان سے جڑا ہوا ہوں۔“

انہوں نے سیاست پر بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ “ میرے لیے میری زندگی کا ہر لمحہ قیمتی ہے جسے میں بھرپور طریقے سے جینا چاہتا ہوں۔ سیاست ایک الگ موضوع ہے اور میں نہیں چاہتا کہ بے وقت باتیں کر کے کسی غلطی کا شکار ہوں۔“

سردار جی 3 کا ٹریلر سوشل میڈیا پر ریلیز ہونے کی دیر تھی کہ بھارتی صارفین ہانیہ عامر کی کاسٹنگ پر غصے سے آک بگولہ ہوگئے۔ یہی نہیں بھارتی فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائز (FWICE) نے تو دلجیت پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کر دیا۔

فلم کے ٹریلر کی بات کی جائے تو اس میں دلجیت دوسانجھ اور نیرو باجوہ کی دلکش اور نیچرل اداکاری کے ساتھ، ہانیہ عامر کی انٹری نے مداحوں کے دل جیت لیے۔

مزید پڑھیں: بھارتی اداکار دلجیت دوسانجھ کی فلم سردار جی 3 کے ٹریلر میں ہانیہ عامر کو دیکھ کر مداح حیران

ہانیہ عامر کا پنجابی میں دیے گئے ڈائیلاگ اور دلجیت کے ساتھ ان کے رومانوی سین خاص طور پر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے۔ ایک صارف نے تو طنزیہ انداز میں کہا، ”ہانیہ نہیں نکلے گی فلم سے، چاہے فلم انڈیا سے نکل جائے۔“

واضح رہے کہ سردار جی 3، جو پنجابی فلم انڈسٹری کی ایک متوقع ہارر کامیڈی فلم ہے، 27 جون 2025 کو عالمی سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔ یہ فلم سردار جی فرنچائز کا تیسرا حصہ ہے، جسے امر ہنڈل نے ہدایت کاری دی ہے۔

مزید خبریں