جمعرات,  12 دسمبر 2024ء
’’رینٹ اے کنٹینر، پاکستان میں‌ابھرتا ہوا کاروبار‘‘، سابق کپتان محمد حفیظ کا ٹویٹ وائرل

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پی ٹی آئی کے احتجاج کے سلسلے میں آج نہ صرف اسلام آباد بلکہ ملک کے مختلف علاقے، شاہراہیں کنٹینر لگا کر بند ہیں اسی حوالے سے سابق قومی کپتان محمد حفیظ کی پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے آج مطالبات کی منظوری کے لیے اسلام آباد ڈی چوک پہنچ کر احتجاج کی کال دی ہے دوسری جانب حکومت نے مظاہرین کو روکنے کے لیے نہ صرف اسلام آباد کو چہار اطراف سے کنیٹنرز لگا کر سیل کر دیا ہے وہیں پنجاب سے ملحقہ تینوں صوبوں کی سرحدیں، موٹر ویز اور دیگر شاہراہیں بھی بند ہیں۔

شہروں اور سڑکوں کی بندش کے باعث مذکورہ علاقے کے رہائشیوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پاکستان کے گرما گرم اسی سیاسی ماحول کے دوران سابق قومی کرکٹر محمد حفیظ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ٹویٹ کیا جن کی یہ پوسٹ تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

محمد حفیظ نے ایکس پر کنٹینرز کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے شیئر کی اور طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’رینٹ اے کنٹینر، پاکستان میں بڑھتے ہوئے کاروباری مواقع۔‘ (کنٹینر کرائے پر دستیاب، پاکستان میں بڑھتے ہوئے کاروباری مواقع)۔

یہ پوسٹ تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین اس پر دلچسپ اور طنزیہ تبصرے کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد انتظامیہ کا کل تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان

ایک صارف نے لکھا کہ ’بیروزگار افراد کے لیے بڑا موقع ہے، وہ کنٹینر خریدیں اور کاروبار کریں۔‘، دوسرے صارف نے کہا کہ ’میں ایک کنٹینر خریدنا چاہتا ہوں۔‘

ایک اور صارف نے مشورہ دیا کہ ’پاکستان میں بہترین کاروبار یہ ہے کہ کنٹینر خریدیں اور پھر گورنمنٹ کو رینٹ پر دیں۔‘

مزید خبریں