اسلام آباد: (عرفان حیدر) یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی اور رابطہ کمیٹی کی ہدایت پر صدر ایم کیو ایم اسلام آباد این اے 47 اور سابق امیدوار برائے ایم این اے سید ندیم منصور نے یو سی 7، 78 اور 77 اسلام آباد میں منعقدہ یکجہتی کشمیر ریلی میں شرکت کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ زاہد ملک، متین خان، عتیق الرحمان، محمد ذیشان، راجہ آفتاب، وجاہت، ڈاکٹر صفیہ اور دیگر پارٹی رہنما موجود تھے، جبکہ مختلف یونین کونسلز کے ممبران شوکت حیات، سردار حنیف، رضوان، وقاص، اسماعیل، شوکت حسین، اقبال، ذاکر حسین، خضر عباسی، زیب عباسی سمیت بڑی تعداد میں کارکنان اور شہریوں نے بھی شرکت کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سید ندیم منصور نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے پاکستانی اور کشمیری قوم کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کوئی خواب یا کہانی نہیں بلکہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کشمیری عوام کے خون کے ہر قطرے کا حساب لے گی اور ان کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 5 فروری محض ایک دن نہیں بلکہ مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل عزم، یکجہتی اور وابستگی کے اظہار کا دن ہے۔ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم آج بھی ان کا حوصلہ بلند ہے اور وہ آزادی کے لیے پرعزم ہیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور دیگر مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہیں، اور عالمی برادری کو خاموش تماشائی بننے کے بجائے عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتے رہیں گے۔











