اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے اپنے ایک بیان میں بابائے حریت، تحریکِ آزادی کشمیر کے عظیم رہنما سید علی شاہ گیلانیؒ کی چوتھی برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانیؒ تاریخِ کشمیر کے وہ عہد ساز قائد ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی بھارتی غیر قانونی قبضے اور جابرانہ تسلط کے خلاف مزاحمت میں گزاری۔ گیلانی صاحب نے نہ صرف اپنی قوم کو حقِ خودارادیت کی منزل تک پہنچانے کے لیے ایک واضح نظریہ دیا بلکہ اس نظریے پر عمل پیرا ہو کر اپنے اصولی مؤقف سے کبھی انحراف نہیں کیا۔ وہ بارہا قید و بند کی صعوبتوں سے گزرے، گھریلو نظر بندی کے طویل ادوار کا سامنا کیا، علاج معالجے کی سہولت سے محروم کیے گئے مگر اپنی استقامت اور عزمِ صمیم سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔
انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانیؒ ایک شخص کا نام نہیں بلکہ جہدِ مسلسل، ایک تحریک، ایک عہد، یقینِ محکم، ایک انقلاب، ایک امید اور ایک روشنی کا نام ہے ۔ ان کا یہ مشہور قول آج بھی کشمیری عوام کے دلوں میں گونج رہا ہے کہ “بھارت اگر ہماری سڑکوں پر تارکول کے بجائے سونا بچھا دے تب بھی ہم ان سے آزادی مانگیں گے”۔ یہ قول ان کی ثابت قدمی، غیر متزلزل ایمان اور تحریک آزادی کے ساتھ غیر مشروط وابستگی کی روشن دلیل ہے۔
مشتاق احمد بٹ نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانیؒ دراصل کشمیر میں پاکستان کے وکیل اور سفیر تھے۔ انہوں نے الحاقِ پاکستان کی ترجمانی کا حق جس بلند حوصلے، بصیرت اور دلیل کے ساتھ ادا کیا وہ تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے۔ ان کا یہ دوٹوک مؤقف کہ “ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے” کشمیری عوام کے دلوں کی آواز اور تحریکِ آزادی کی اساس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گیلانی صاحب کا کردار تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے نہ صرف اپنی سیاسی بصیرت بلکہ اپنے عملی کردار سے یہ ثابت کیا کہ کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کوئی وقتی یا جذباتی نعرہ نہیں بلکہ ایک ناقابلِ تسخیر حقیقت ہے۔ ان کی قربانیاں اور ان کا عزم آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانیؒ کی وفات کے بعد بھی بھارت کے حکمرانوں نے اپنی آمرانہ روش جاری رکھتے ہوئے ان کی تدفین کے وقت انسانی قدروں کو پامال کیا۔ مگر اس کے باوجود گیلانی صاحب کی فکر اور ان کا نظریہ کشمیری عوام کے دلوں میں زندہ ہے اور اس جدوجہد کو کچلنے کی ہر کوشش ناکامی سے دوچار ہو گی۔
سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے کہا کہ آج کی اس برسی کے موقع پر ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ شہید رہنماؤں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ کشمیری عوام اپنی آزادی اور اپنے حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی پرامن، اصولی اور تاریخی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ سید علی شاہ گیلانیؒ کی استقامت اور قربانیوں نے تحریک آزادی کشمیر کو ایک نئی توانائی بخشی ہے اور ہم سب پر لازم ہے کہ ہم ان کے مشن اور ان کی فکر کو آگے بڑھائیں۔
آخر میں انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی پامالی اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی غیر قانونی کوششوں کا سختی سے نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز اور ناقابلِ تنسیخ حق، یعنی حقِ خودارادیت، دلوانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔