*جدہ(روشن پاکستان نیوز) بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت میں “یومِ استحصالِ کشمیر” کے موقع پر پاکستانی قونصلیٹ جدہ اور پاکستانی کمیونٹی کے زیر اہتمام ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر پر فوری اور مؤثر کردار ادا کرنے کی اپیل کرنا تھا۔
تقریب کا مرکزی اجلاس قونصلیٹ جنرل پاکستان جدہ میں منعقد ہوا جہاں صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ ان پیغامات میں کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی سے یکجہتی کے اظہار کے ساتھ عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ بھارت کی غیرقانونی اقدامات کے خلاف آواز بلند کرے۔
تقریب کے دوران بھارتی غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر (IIOJ\&K) کی تازہ ترین صورتحال پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی، جس میں مظلوم کشمیری عوام کو درپیش مسائل اور بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر قونصل جنرل پاکستان جدہ خالد ماجد، او آئی سی جدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سید فواد شیر، چیئرمین کشمیر کمیٹی جدہ مسعود احمد پوری، اور چیئرمین جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز انجینئر عارف مغل نے خطاب کیا۔
مقررین نے مسئلہ کشمیر کی تاریخی حیثیت، بھارتی مظالم اور 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیرقانونی، غیراخلاقی اور یکطرفہ اقدامات کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کشمیری عوام کی قربانیوں اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے پُرامن اور پائیدار حل کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ انہوں نے سعودی عرب اور او آئی سی کے مثبت کردار کو سراہا اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، حقِ خودارادیت، دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
تقریب میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے افراد کے علاوہ مقامی اور بین الاقوامی میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا اختتام کشمیری شہداء کے درجات کی بلندی، مسئلہ کشمیر کے جلد اور پُرامن حل، اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی و استحکام کے لیے اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔