مظفرآباد (روشن پاکستان نیوز) — سابق صدر و وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردار یعقوب خان نے کہا ہے کہ بیرسٹر سلطان محمود کے پاس پیپلز پارٹی کے سوا کوئی دوسرا سیاسی راستہ نہیں بچا، وہ نئی سیاسی جماعت بنانے یا چلانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
اپنے ایک بیان میں سردار یعقوب خان نے واضح کیا کہ ان کا سردار تنویر الیاس کے ساتھ کسی حکومتی عہدے کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے موجودہ سیاسی نظام کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہر ایم ایل اے صرف ’یس مین‘ بن چکا ہے اور یہ نظام عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید نقصان پہنچا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان کارکردگی نہ ہونے کی وجہ سے ناراض ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے وزرا کی کارکردگی بھی غیر تسلی بخش ہے۔
سردار یعقوب خان نے آئندہ عام انتخابات میں مظفرآباد سے الیکشن لڑنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا حل صرف نظریاتی سیاست میں ہے، اور پیپلز پارٹی ہی واحد پلیٹ فارم ہے جو عوامی خدمت کی روایت کو آگے بڑھا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: مسئلہ کشمیر کوعالمی برادری کی توجہ کی ضرورت ہے،سردار تنویرالیاس