اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ اور رکن قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان نے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزادی کے بیس کیمپ سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے تمام تر وسائل اور توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کی تازہ ترین سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں امن و استحکام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش خوش آئند ہے، جس کے نتیجے میں مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر نئی توجہ حاصل ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کو یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو عالمی ایوانوں تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کا انحصار مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل پر ہے، کیونکہ پاکستان اور بھارت دو ایٹمی طاقتیں ہیں اور کشمیر ایک فلیش پوائنٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔ اگر دونوں ممالک کے درمیان کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو وہ خطے میں بڑے تصادم کا باعث بن سکتا ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کشمیری عوام کی آواز کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں بلند کرنے کے لیے سیاسی، سفارتی اور عوامی سطح پر مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔