اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — پاکستان عوامی قوت پارٹی کے زیر اہتمام گزشتہ رات بھارتی جارحیت اور رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملے کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری ملک اعجاز نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایشیا میں پائیدار امن قائم کرنا ہے تو بھارت کو ہر صورت لگام دینا ہو گی۔
ملک اعجاز نے کہا کہ بھارت نے پہل تو کر دی ہے، لیکن اب پاکستان کا ردعمل بھی دیکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔ انہوں نے بھارتی حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “گائے کا پیشاب پینے والوں” اور “جذبۂ ایمانی سے سرشار قوموں” میں فرق ہوتا ہے، اور بھارت کو ہر حملے سے پہلے سو بار سوچنا چاہیے۔
انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ اگر دنیا ایشیا میں امن چاہتی ہے تو بھارت کو روکنا ہوگا، جو آئے روز پاکستان کو بدنام کرنے اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر ظلم کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو ابھینندن کی گرفتاری سے سبق سیکھ لینا چاہیے تھا، لیکن لگتا ہے جیسے “سانپ کو جب موت آتی ہے تو وہ سامنے آ جاتا ہے”۔
پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر راجہ ابرار حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی اگر مٹ گیا تو “کالیا تیرا وارث کون ہوگا؟” انہوں نے بھارتی جارحیت کو عالمی جنگی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ بھارت کی جانب سے عام آبادی پر گولہ باری انسانیت سوز اقدام ہے۔
مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمانوں پر بھارتی مظالم پر خاموشی توڑے، کیونکہ یہی خاموشی کسی بڑے ایٹمی تصادم کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔
مظاہرے کے دوران شرکاء نے “مودی مردہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ احتجاجی مظاہرے کے اختتام پر مظاہرین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پتلے کو نذر آتش کیا۔
احتجاجی مظاہرے سے دیگر پارٹی رہنماؤں ذکا اللہ بٹ، اتفاق حیدری، سہراب لطیف بیگ، سردار بنارس، صبا گل، سردار ریاض خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔