اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنونیئر غلام محمد صفی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کے حوالے سے ایک علیحدہ سفیر مقرر کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف کے واضح موقف سے کشمیریوں، ہندوستان اور دنیا بھر میں ایک مضبوط پیغام دیا ہے، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔
غلام محمد صفی نے کہا کہ ہندوستان کشمیر کے حوالے سے جھوٹی اطلاعات اور ڈس انفارمیشن پھیلا رہا ہے جس کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہندوستان نے یوم یکجہتی کشمیر کے پروگرامز کو سبوتاژ کرنے کی پوری کوشش کی، مگر پاکستانی سیکیورٹی اداروں کی عمدہ منصوبہ بندی کی بدولت اس کی تمام کوششیں ناکام ہو گئیں، جس پر وہ پاکستان کے تمام سیکیورٹی اداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
غلام محمد صفی نے کشمیر کی آزادی کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے یوم یکجہتی کشمیر بڑے جوش و جذبے سے منایا۔ اس بار حریت کانفرنس نے حکومت پاکستان کے ساتھ مشاورت کے بعد یوم یکجہتی کشمیر منایا اور ملک بھر میں ہونے والے پروگرامز، سیمینارز، جلسے اور ریلیوں میں حریت نمائندے موجود رہے تاکہ وہ پاکستانی قوم کے کشمیر کے لیے عزم اور جذبے کو اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سال پاکستانی قوم میں 90 کی دہائی والا جوش و جذبہ دیکھنے کو ملا ہے۔ وزیراعظم اور آرمی چیف کے بیانات نے نہ صرف کشمیریوں بلکہ ہندوستان اور دنیا کو بھی ایک مضبوط پیغام دیا ہے کہ کشمیریوں کو اپنی رائے کے مطابق فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے کہ وہ پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا ہندوستان کے ساتھ۔
مزید پڑھیں: حکومت ختم ہوئی تو سب سے زیادہ نقصان ن لیگ کاہوگا،گورنر پنجاب
حریت رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور او آئی سی میں کشمیر کے مسئلے پر مضبوط آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان کشمیر کے مسئلے کے حوالے سے ایک علیحدہ سفیر مقرر کرے تاکہ دنیا کے سامنے اس مسئلے کو مزید مؤثر طریقے سے پیش کیا جا سکے اور ہندوستان کی ڈس انفارمیشن کا توڑ کیا جا سکے۔