روالپنڈی (روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی اسلام آباد کی پاکستان فلاح پارٹی (PFP) کی جانب سے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر راولپنڈی پریس کلب میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج میں PFP کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید راشد علی گردیزی، مرکزی راہنما احمد وقار مدنی، زبیر بیگ، سید راوُف شاہ، قاری رفیق اعوان، مدثر کیانی، رانا شاہد اقبال، سید افضال شاہ گیلانی، منیر مصطفائی، ڈاکٹر مقصود احمد چوہدری، ملک اختر عباس، پروفیسر ظہیر سقراط، پروفیسر فائق ترابی، معظم کھوہاروی، منیب بیگ اور دیگر نے شرکت کی۔
مظاہرے کے دوران سید راشد علی گردیزی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کی آزادی کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ کیا اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت حاصل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے پر زور دیا۔
سید راشد علی گردیزی نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہے اور عالمی ادارہ کو اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ ہزاروں کشمیری جو بھارتی فوج کی حراست میں قید ہیں، ان کی فوری رہائی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
مظاہرین نے کشمیر کی آزادی اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حق میں نعرے بازی کی اور عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی۔