مظفرآباد(روشن پاکستان نیوز) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسپیکر چوہدری لطیف اکبر اپنے حلقہ انتخاب مظفرآباد کے نواحی علاقے کھاوڑہ میں ایک سیاسی میٹنگ کے لیے جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان کے قافلے پر فائرنگ کر دی۔
مزید پڑھیں: سوڈان میں سعودی اسپتال پر ڈرون حملہ ، 67 افراد ہلاک ، درجنوں زخمی
فائرنگ کے نتیجے میں اسپیکر تو محفوظ رہے، تاہم قافلے میں شامل دو افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ اور گھناؤنا عمل قرار دیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کی اور متعلقہ حکام کو حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور حملہ آوروں کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔