اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ہماری روزمرہ کی غذائی عادات اور مشروبات کا انتخاب ہماری صحت پر گہرا اثر ڈال سکتا ہے، اور اس میں کافی ایک ایسا مشروب ہے جو نہ صرف توانائی اور چُستی فراہم کرتا ہے بلکہ روزانہ کی کافی کینسر سے بچاؤ کا ایک قدرتی طریقہ بھی ثابت ہو سکتا ہے.
حالیہ تحقیق کے مطابق کافی پینے والے افراد میں خاص طور پر پروسٹیٹ کینسر کے خطرے میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ پروسٹیٹ کینسر مردوں میں کینسر سے ہونے والی اموات کی تیسری بڑی وجہ ہے، اور تقریبا ہر چھ مردوں میں سے ایک کو 85 سال کی عمر تک یہ مرض لاحق ہو سکتا ہے۔
کافی میں موجود کفین نہ صرف توانائی اور چُستی دیتی ہے بلکہ یادداشت، موڈ اور ذہنی کارکردگی کو بھی بہتر بنانے میں مددگار ہے۔
امریکن انسٹی ٹیوٹ فار کینسر ریسرچ (AICR) کی پچھلی متعدد تحقیقات سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ کافی پینے سے سر، گردن، کولوریکٹیل، چھاتی اور جگر کے کینسر کے خطرات بھی کم ہو سکتے ہیں۔
پنجاب میں مضر صحت انجیکشنز کے مخصوص بیچز کی فروخت پر پابندی، فوری واپسی کا حکم
موجودہ مطالعے میں محققین نے 16 مختلف تحقیقات کے ڈیٹا کا جائزہ لیا، جس میں 57,000 سے زائد پروسٹیٹ کینسر کیسز اور مجموعی طور پر 1 ملین سے زیادہ شرکاء شامل تھے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جتنا زیادہ کافی پینے کا رجحان، اتنا ہی پروسٹیٹ کینسر کے خطرے میں کمی دیکھی گئی۔
تحقیق میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ روزانہ ایک اضافی کپ کافی کے ساتھ کینسر کے خطرے میں مزید کمی ممکن ہے، لیکن محققین نے خبردار کیا ہے کہ یہ مشاہداتی تحقیق سبب و مسبب کو ثابت نہیں کرتی، اور مزید تفصیلی تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ اس کے پیچھے موجود حیاتیاتی وجوہات کو سمجھا جا سکے۔











