منگل,  13 جنوری 2026ء
زہریلے اثرات، سیرپ پر فوری پابندی عائد کردی گئی

حیدرآباد(روشن پاکستان نیوز بھارت میں تلنگانہ ڈرگس کنٹرول انتظامیہ نے آلمونٹ-کِڈ سیرپ کے استعمال پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ سیرپ میں ایتھیلین گلائکول کی ملاوٹ کے باعث اسے زہریلا قرار دے دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کلکتہ میں قائم سینٹرل ڈرگس اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن کی جانب سے وارننگ جاری کی گئی ہے جس کے بعد تلنگانہ ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انتباہی نوٹس جاری کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، بنگلا دیش کا بھارت میں نہ کھیلنے کا فیصلہ، پاکستان کی بڑی پیشکش

رپورٹس کے مطابق محکمہ صحت نے واضح ہدایت دی ہے کہ اگر یہ آلمونٹ-کِڈ سیرپ کسی کے پاس موجود ہو تو اس کا استعمال اور فروخت فوری طور پر روک دی جائے، چونکہ یہ دوا بچوں کے لئے استعمال کی جاتی ہے، اس لئے والدین اور دواسازوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کا کہا گیا ہے۔

محکمہ نے واضح کیا ہے کہ اگر یہ سیرپ کسی کے پاس موجود ہو تو فوری طور پر اس کا استعمال بند کر دیا جائے اور قریب ترین ڈرگس کنٹرول اتھارٹی کو بلا تاخیر اطلاع دی جائے۔

ریاست بھر کے ڈرگس انسپکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ اس مخصوص بیچ کا دستیاب اسٹاک فوری ضبط کیا جائے اور ریٹیلرز، تاجر، ڈسٹری بیوٹرز اور اسپتالوں کو کسی بھی صورت تقسیم یا فروخت سے باز رکھا جائے۔

محکمہ نے ضروری نفاذی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور عوامی صحت کو لاحق کسی بھی خطرے سے بچاؤ کے لیے صورتحال پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں