جمعرات,  25 دسمبر 2025ء
سردیوں کے امراض کیلیے اجوائن کے جادوئی اثرات، لیکن کیسے؟

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) موسم سرما کے آتے ہی نزلہ، زکام، کھانسی اور گلے کی خراش عام مسائل بن جاتے ہیں، ایسے میں دیسی اور گھریلو ٹوٹکوں کی طرف رجحان بڑھ جاتا ہے جس میں اجوائن سرفہرست ہے۔

ایسی صورتحال میں اجوائن کا تیل خاص طور پر بہت اہمیت کا حامل ہے۔ یہ صدیوں سے بطور قدرتی علاج استعمال ہو رہا ہے، مگر سوال یہ ہے کہ کیا یہ واقعی فوری شفا دیتا ہے یا محض وقتی سکون؟

اجوائن کے بیجوں اور اس کے تیل میں تھائمل نامی ایک قدرتی مرکب پایا جاتا ہے، جو جراثیم کش اور اینٹی سوزش خصوصیات رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے گلے کی سوزش، کھانسی، بند ناک اور سانس کی تکالیف میں مفید سمجھا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق تھائمل ہوا کی نالیوں کو کھولنے اور بلغم کو نرم کرنے میں مدد دیتا ہے، جس سے سانس لینے میں آسانی محسوس ہوتی ہے۔ تاہم یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ یہ علاج نہیں بلکہ علامات میں عارضی کمی کا ذریعہ ہے۔

مزید پڑھیں: سردیوں میں ہونٹ کس وٹامن کی کمی سے پھٹتے ہیں؟ ماہرین نے آسان علاج بتا دیا

اجوائن کے تیل کے ممکنہ فوائد میں ہاضمے میں بہتری، جسم میں گرمائش کا احساس، بہترین قوتِ مدافعت اور نیند میں بہترین معاونت شامل ہے۔

زکام کے دوران اکثر معدہ بھاری رہتا ہے یا اپھارہ محسوس ہوتا ہے۔ اجوائن کا تیل ہاضمے کو متحرک کرتا ہے اور معدے کی تیزابیت کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

اجوائن کو گرم تاثیر والا مانا جاتا ہے، جس کی وجہ سے سرد موسم میں گلا اور سینہ وقتی طور پر سکون محسوس کرتے ہیں۔

اجوائن کے بیج انفیکشن سے لڑنے میں معاون ہو سکتے ہیں اور مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں، اگرچہ اس کے اثرات فوری ظاہر نہیں ہوتے۔

نزلہ زکام کی وجہ سے نیند متاثر ہو تو اجوائن کا تیل ہلکی سی راحت دے سکتا ہے، جو مجموعی صحت یابی کے عمل میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق اجوائن کے بیجوں کی بھاپ، اجوائن کے تیل کے مقابلے میں زیادہ فوری آرام فراہم کر سکتی ہے۔ گرم بھاپ بلغم کو نرم کرتی ہے اور ناک و سینے کی بندش کم کرنے میں مدد دیتی ہے، جبکہ اجوائن کی خوشبو سانس کو ہموار بناتی ہے۔

اجوائن کے تیل میں طاقتور مرکبات پائے جاتے ہیں، اس لیے اس کا بے جا یا زیادہ استعمال نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ بغیر مشورے کے زیادہ مقدار میں استعمال سے معدے کی جلن، متلی یا دیگر مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، خصوصاً بچوں اور حساس افراد میں۔

اجوائن کا تیل یا بیج نزلہ زکام کی علامات میں وقتی اور عارضی راحت فراہم کر سکتے ہیں، مگر یہ کسی بھی صورت فوری یا مکمل علاج نہیں ہیں۔ اگر جلدی سکون مقصود ہو تو بھاپ، آرام، گرم مشروبات اور دیگر آزمودہ گھریلو طریقے زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔

مزید خبریں