اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) چائے اور کافی دونوں مقبول گرم مشروبات ہیں مگر ان میں سے ایک آپ کے لیے زیادہ مفید ثابت ہوسکتا ہے، خاص طور پر ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے لیے۔
ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ چائے پینے کے عادی افراد میں ہڈیوں کی کمزوری یا بھربھرے پن کا باعث بننے والے عارضے کا خطرہ کافی پینے والوں کے مقابلے میں کم ہوتا ہے۔
امریکا کی فلینڈرز یونیورسٹی کی اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ چائے پینے والے افراد کی ہڈیوں میں منرلز کی سطح یا کثافت اس مشروب سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ معتدل مقدار میں کافی پینے سے ہڈیوں کی کثافت پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوتے مگر روزانہ 5 کپ سے زیادہ کافی پینے سے ہڈیوں کی کثافت گھٹ جاتی ہے اور ہڈیوں کی کمزوری کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اس تحقیق میں 65 سال یا اس سے زائد عمر کی لگ بھگ 10 ہزار خواتین کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا اور ایک دہائی تک ان کی ہڈیوں کی کثافت کی جانچ پڑتال کی گئی۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ چائے پینے والی خواتین کی ہڈیوں کی کثافت دیگر مشروبات پینے والوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں: چائے کے ساتھ کھانے کیلئے مفید اور پرہیز کی جانے والی اہم خوراکیں
محققین کے مطابق ویسے تو یہ فرق بہت زیادہ نہیں ہوتا مگر ہڈیوں کی کثافت میں معمولی بہتری بھی فریکچر کا خطرہ کم کرتی ہے۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ روزانہ ایک کپ چائے پینے سے بھی آپ عمر میں اضافے کے ساتھ ہڈیوں کی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
محققین کا کہنا تھا کہ معتدل مقدار میں کافی کا استعمال بہت محفوظ محسوس ہوتا ہے مگر اس گرم مشروب کا زیادہ استعمال بہتر نہیں، خاص طورپر خواتین کے لیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارے نتائج کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کافی پینا چھوڑ دیں یا بہت زیادہ چائے پینا شروع کر دیں، بس معتدل مقدار میں چائے پینا ہڈیوں کی صحت کو معاونت فراہم کرنے والے ایک سادہ ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہڈیوں کی صحت کے لیے ویسے تو کیلشیئم اور وٹامن ڈی اہم ہوتے ہیں مگر چائے کا ایک کپ بھی کردار ادا کرسکتا ہے۔











