اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اگر آپ بلڈ شوگر کو ہمیشہ کنٹرول میں رکھنا چاہتے ہیں تو ایک عادت کو آج ہی اپنالیں۔
بس ہر بار کھانے کے بعد کچھ دیر تک چہل قدمی کرنا عادت بنالیں۔
ایسا کرنے سے مسلز کھانے کو زیادہ مؤثر انداز سے ہضم کرتے ہیں اور شکر کو توانائی کے لیے استعمال کرتے ہیں، جس سے بلڈ شوگر کی سطح میں کمی آتی ہے۔
اس طرح طویل المعیاد بنیادوں پر ذیابیطس ٹائپ 2 جیسے دائمی مرض سے متاثر ہونے سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
کھانے کے بعد چہل قدمی سے کیا ہوتا ہے؟
ہر بار کھانے کے بعد چہل قدمی کرنے سے مسلز گلوکوز کو توانائی کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
ہمارے جسم کو گلوکوز کی ضرورت توانائی کے حصول کے لیے ہوتی ہے۔
گلوکوز غذا میں موجود کاربوہائیڈریٹس کے ذریعے جسم کا حصہ بنتا ہے۔
پھلوں، سبزیوں اور اجناس وغیرہ کے ساتھ ساتھ متعدد الٹرا پراسیس غذاؤں یا چینی سے بنی اشیا میں کاربوہائیڈریٹس موجود ہوتے ہیں۔
کھانا ہضم ہونے کے دوران یہ گلوکوز دوران خون میں شامل ہوتا ہے جس پر لبلبے کی جانب سے ایک ہارمون انسولین کو خارج کیا جاتا ہے۔
یہ ہارمون پورے جسم میں موجود خلیات کو گلوکوز جذب کرنے اور توانائی کے لیے استعمال کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
اگر آپ زیادہ مقدار میں کاربوہائیڈریٹس کو جسم کا حصہ بناتے ہیں تو انسولین اس حوالے سے مؤثر ردعمل ظاہر نہیں کر پاتا اور بلڈ شوگر کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے۔
اگر مہینوں تک یہ سلسلہ برقرار رہے تو بلڈ شوگر کی سطح مسلسل اوپر رہنے سے بینائی دھندلانے، منہ خشک ہونے، بہت زیادہ پیاس لگنے، معمول سے زیادہ پیشاب آنا، سر درد اور مسلز کی کمزوری جیسی علامات کا سامنا ہوتا ہے۔
طویل المعیاد بنیادوں پر بلڈ شوگر کی سطح زیادہ رہنے سے اعصاب، گردوں، دل، خون کی شریانوں اور آنکھوں کو نقصان پہنچتا ہے اور بتدریج آپ ذیابیطس ٹائپ 2 کے شکار ہو جاتے ہیں۔
کھانے کے کتنی دیر بعد چہل قدمی شروع کرنی چاہیے؟
تحقیقی رپورٹس کے مطابق کھانے کے فوری بعد چہل قدمی کرنے سے بلڈ شوگر کی سطح پر زیادہ مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
کھانے کے بعد 29 منٹ کے اندر چہل قدمی شروع کرنے کو ماہرین مثالی قرار دیتے ہیں۔
اچھی بات یہ ہے کہ آپ کو زیادہ تیزی سے چلنے کی بھی ضرورت نہیں، بس معمول کی رفتار سے چہل قدمی کریں، اس سے ہی بلڈ شوگر کی سطح پر نمایاں مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
کتنی دیر تک چہل قدمی کرنی چاہیے؟
کھانے کے بعد آپ کو بہت زیادہ وقت تک چہل قدمی کرنے کی ضرورت نہیں۔
تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ محض 2 منٹ کی چہل قدمی سے ہی بلڈ شوگر کی سطح پر مثبت اثرات مرتب ہونے لگتے ہیں۔
ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ کھانے کے بعد 10 منٹ تک چہل قدمی کرنے سے بلڈ شوگر کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
مزید پڑھیں: رات کے وقت آم کھانا فائدہ مند ہے یا نقصان دہ؟ شوقین افراد کیلئے بڑی خبر
کھانے کے بعد چہل قدمی کے دیگر فوائد
کھانے کے بعد چہل قدمی سے نہ صرف بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد ملتی ہے بلکہ اس سے دیگر فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔
اس عادت سے پیٹ پھولنے کا خطرہ کم ہوتا ہے، بلڈ پریشر کو کم رکھنے میں مدد ملتی ہے، مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ اچھی نیند کا حصول بھی آسان ہو جاتا ہے۔










