منگل,  18 نومبر 2025ء
آنکھوں سے گردوں کی خرابی کی نشانیاں کیسے نوٹ کریں؟

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گردوں کی خرابی کی نشانیاں آنکھوں میں ظاہر ہو سکتی ہیں۔

ماہرین صحت کے مطابق گردے انسانی جسم کا اہم حصہ ہیں جو خون کو صاف کرتے اور مضر مادوں کو جسم سے خارج کرتے ہیں لیکن جب گردے صحیح طور پر کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں تو اس کے اثرات صرف جسم پر ہی نہیں بلکہ آنکھوں پر بھی ظاہر ہونے لگتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ آنکھوں میں ظاہر ہونے والی علامات کو معمولی سمجھ کر نظر انداز کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اور یہ گردوں کی مکمل ناکامی (گردے فیل ہونا) تک لے جا سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آنکھوں کے نیچے یا اوپری پلکوں پر سوجن گردوں کے نقصان کی سب سے عام اور واضح علامت ہے۔ صحت مند گردے خون میں پروٹین، خاص طور پر البومین، کو برقرار رکھتے ہیں۔ تاہم، جب گردے کمزور پڑ جائیں تو پروٹین پیشاب کے ذریعے خارج ہونے لگتا ہے، جس سے خون میں پروٹین کی کمی اور جسم میں پانی کے جمع ہونے کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔

چوں کہ آنکھوں کے اردگرد کی جلد نہایت نازک ہوتی ہے، اس لیے سوجن سب سے پہلے وہیں ظاہر ہوتی ہے۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ اگر آنکھوں کے اردگرد سوجن برقرار رہے تو فوراً معالج سے رجوع کریں۔

آنکھوں میں مسلسل خارش یا سرخی بھی گردوں کی خرابی کی علامت ہو سکتی ہے۔ جب گردے ناکارہ ہونے لگتے ہیں تو خون میں یوریا اور دیگر زہریلے مادے بڑھ جاتے ہیں۔ یہ مادے جسم کے مختلف حصوں، خصوصاً آنکھوں میں جمع ہو کر خارش اور جلن پیدا کرتے ہیں۔ اس کیفیت کو طبّی زبان میں یوریمک پروریٹس (Uremic Pruritus) کہا جاتا ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر بینائی اچانک دھندلی ہو جائے تو یہ ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے ہو سکتا ہے، جس کا براہِ راست تعلق گردوں کے نقصان سے ہے۔ گردوں کی بیماری یا تو ہائی بلڈ پریشر پیدا کرتی ہے یا پہلے سے موجود دباؤ کو بڑھا دیتی ہے۔ بلڈ پریشر بڑھنے سے آنکھ کے پچھلے حصے میں موجود نازک خون کی نالیاں متاثر ہوتی ہیں، جس سے ریٹینوپیتھی (Retinopathy) جیسی خطرناک حالت جنم لیتی ہے۔

مزید پڑھیں:تیرہ سال سے قبل اسمارٹ فون کا استعمال بچوں کی ذہنی صحت کیلئے خطرناک، نئی تحقیق

آنکھوں میں خون آنا بھی گردوں کی خرابی کی ایک سنگین علامت ہے۔ ہائی بلڈ پریشر کی شدت آنکھوں کی باریک خون کی نالیوں کو پھاڑ سکتی ہے، جس سے آنکھ کے سفید حصے پر سرخ دھبے نمودار ہو سکتے ہیں یا کبھی کبھار خون بہنے لگتا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ایسی کسی بھی علامت کو معمولی نہ سمجھا جائے بلکہ فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے، کیوں کہ بروقت علاج سے گردوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکتا ہے۔

گردوں کی خرابی کی آنکھوں میں نمایاں علامات:

آنکھوں کے نیچے یا اوپری پلکوں پر سوجن: گردے پروٹین کو برقرار نہیں رکھ پاتے، جس سے جسم میں پانی جمع ہو کر سوجن پیدا کرتا ہے۔

آنکھوں میں مسلسل خارش اور سرخی: خون میں بڑھا ہوا یوریا جسم میں جمع ہو کر خارش پیدا کرتا ہے، جسے یوریمک پروریٹس (Uremic Pruritus) کہتے ہیں۔

بینائی کا اچانک دھندلا ہونا: ہائی بلڈ پریشر کے اثرات سے آنکھ کے پچھلے حصے کی نازک خون کی نالیاں متاثر ہوتی ہیں، جس سے ریٹینوپیتھی پیدا ہو سکتی ہے۔

آنکھوں میں خون آنا یا سرخ دھبے: گردوں کی خرابی اور ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے آنکھوں کی چھوٹی خون کی نالیاں پھٹ سکتی ہیں، جس سے آنکھ کے سفید حصے پر سرخ دھبے یا خون نمودار ہو سکتا ہے۔

مزید خبریں