پشاور(روشن پاکستان نیوز) خیبرپختونخوا میں ڈینگی بخار کے مزید 45 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 4,836 ہو گئی ہے۔
محکمۂ صحت کے مطابق صوبے بھر میں اس وقت 40 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ اب تک 1,795 افراد کو اسپتال میں داخل کیا جا چکا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ کیسز ضلع چارسدہ میں رپورٹ ہوئے، جہاں مریضوں کی تعداد 1,079 تک پہنچ گئی، کوہاٹ میں 563، پشاور میں 516 اور مردان میں 429 ڈینگی کیسز سامنے آئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پشاور سمیت مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کے باعث مچھروں کی افزائش کے لیے ماحول سازگار ہے، اور ڈینگی کے خاتمے کے لیے موسم کا درجہ حرارت 15 ڈگری سے نیچے جانا یا بارش ہونا ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت 10 بڑے شہروں میں ڈینگی پھیلنے کا خدشہ
محکمۂ صحت نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھروں میں کھڑا پانی جمع نہ ہونے دیا جائے اور مچھر دانیاں و اسپرے کا استعمال یقینی بنایا جائے۔











