جمعرات,  20 نومبر 2025ء
پودینے کے پتوں کے حیران کن طبی فوائد

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پودینے کے پتے جو آپ چٹنی، چائے یا ٹھنڈے مشروبات میں استعمال کرتے ہیں، صرف خوشبو اور ذائقہ بڑھانے کا کام نہیں کرتے بلکہ یہ ایک قدرتی دواخانہ ہیں۔

امریکہ کے نیشنل سینٹر فار کمپلیمینٹری اینڈ انٹیگریٹو ہیلتھ (NCCIH) کی تازہ تحقیق کے مطابق پودینے کے پتوں میں ایسے قدرتی اجزاء پائے جاتے ہیں جو ہاضمے، ذہنی سکون اور سانس کی تازگی کے لیے نہایت مفید ہیں۔

۔ ہاضمے کا بہترین محافظ

ماہرینِ صحت کے مطابق پودینے کے تیل سے بنے انٹیرک کوٹڈ کیپسول معدے کے درد، گیس اور خاص طور پر ایریٹیبل باؤل سنڈروم میں نہایت مؤثر پائے گئے ہیں، یہ آنتوں کے پٹھوں کو سکون دیتا ہے اور ہاضمہ بہتر بناتا ہے۔

۔ سانس میں تازگی اور منہ کی صفائی

پودینے کے پتوں کو چبانے سے نہ صرف سانس خوشبودار رہتی ہے بلکہ منہ میں پیدا ہونے والے بیکٹیریا کا خاتمہ بھی ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق پودینہ قدرتی اینٹی بیکٹیریل خصوصیات رکھتا ہے جو دانتوں اور مسوڑھوں کے لیے بھی مفید ہیں۔

۔ دماغی سکون

پودینے کی خوشبو دماغی تھکن کم کرتی ہے، یادداشت میں بہتری لاتی ہے اور موڈ کو خوشگوار بناتی ہے، اور اس کی چائے یا تیل کی خوشبو لینے سے فوری ذہنی بیداری اور توجہ میں اضافہ دیکھا گیا۔

۔ قدرتی مدافعت میں اضافہ

پودینے میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس جسم کے خلیوں کو نقصان سے بچاتے ہیں اور مدافعتی نظام کو مضبوط بناتے ہیں، سائنسدانوں کے مطابق یہ خصوصیات دل، جلد اور جگر کی صحت کے لیے بھی مددگار ہو سکتی ہیں۔

استعمال میں احتیاط ضروری

رپورٹ کے مطابق جن لوگوں کو ایسڈ ریفلکس (GERD) کا مسئلہ ہے، انہیں پودینے کا تیل استعمال نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ معدے کی جلن کو بڑھا سکتا ہے۔ حاملہ خواتین اور بچوں کے لیے بھی تیل کے استعمال سے قبل ڈاکٹر سے مشورہ ضروری ہے۔

مزید خبریں