اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سائنسدانوں نے گنج پن کا آسان علاج دریافت کرتے ہوئے بالوں کی نشوونما کیلئے ایک سیرم تیار کر لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیشنل تائیوان یونیورسٹی کے محققین نے ایک سیرم (serum) تیار کیا ہے جس کے لگانے سے چوہوں میں بالوں کی نشوونما ممکن ہوئی ہے۔ اگلے مرحلے میں اس کی انسانوں پر باقاعدہ آزمائش کی جائے گی۔
یونیورسٹی کی تحقیقی ٹیم میں شامل پروفیسر سنگ جان لین کا کہنا ہے کہ چوہوں کے جسم کے جن حصوں کی جلد پر ہلکی خارش یا جلن پیدا کی گئی تھی وہاں 10 سے 11 دن کے بعد نئے بال نکلنا شروع ہو گئے۔
مزید پڑھیں: فنڈز ختم، مہم بند؟ عالمی ادارہ صحت کی خطرناک وارننگ سامنے آگئی
انہوں نے کہا کہ چوہوں کی پیٹھ کے بال منڈوا کر ایک کیمیکل سوڈیم ڈوڈیسائل لگایا تھا تا ہم بغیر کیمیکل والے حصوں میں تجربہ کامیاب نہیں ہوا۔
پروفیسر سنگ جان کا کہنا تھا کہ میں نے اس سیرم کا ابتدائی ورژن خود پر بھی آزمایا ہے، میں نے الکوحل میں حل شدہ فیٹی ایسڈز کو 3 ہفتوں تک اپنی ٹانگوں پر لگایا جس سے بال نکلنا شروع ہوئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ لیب تجربات میں اس سیرم نے جِلد میں موجود چربی کے خلیات کو متحرک کر دیا جنہوں نے بالوں کے فولیکلیز کو دوبارہ پیدا کیا، اس سیرم میں قدرتی طور پر حاصل شدہ فیٹی ایسڈز شامل ہیں جو جِلد میں جلن پیدا نہیں کرتے۔
ماہرین نے بتایا کہ انسانی بالوں کے فولیکل پر لیب میں کیے گئے تجربات میں بھی مثبت نتائج ملے ہیں اور کسی سنگین اثرات کا خدشہ نہیں۔











