اتوار,  26 اکتوبر 2025ء
دانتوں کی صفائی سے لاپرواہی، دماغ کے لیے بڑا خطرہ! نئی تحقیق میں انکشاف

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اگر آپ سمجھتے ہیں کہ برش نہ کرنا صرف مسکراہٹ کا مسئلہ ہے تو ذرا سنبھل جائیں، نئی تحقیق کے مطابق گندے دانت آپ کے دماغ کو بھی بیمار کرسکتے ہیں۔

یاد رکھیں !! دانتوں کی صفائی صرف خوبصورتی ہی نہیں بلکہ دماغی صحت کا راز بھی ہے۔ نئی سائنسی تحقیق کے مطابق مسوڑھوں کی بیماری اور دانتوں کے کیڑے فالج اور دماغی امراض کا باعث بن سکتے ہیں۔

دانتوں کی لاپرواہی، دماغ کے لیے خطرہ! نئی تحقیق نے چونکا دیا

اگر آپ برش یا فلاسنگ کو معمولی سمجھتے ہیں تو ذرا سنبھل جائیں — کیونکہ نئی تحقیق کے مطابق دانتوں اور مسوڑھوں کی بیماری صرف مسکراہٹ نہیں چھینتی، بلکہ دماغ کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہے۔

جریدہ نیورو لوجی اوپن ایکسس میں شائع ہونے والی دو تازہ تحقیقات نے انکشاف کیا ہے کہ مسوڑھوں کی بیماری اور دانتوں میں کیڑا ہونا فالج اور دماغی نقصان کے خطرے کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔

تحقیق کے مطابق جن بالغ افراد کو مسوڑھوں کے امراض لاحق تھے، ان کے دماغ کے وائٹ میٹر میں ایسی تبدیلیاں دیکھی گئیں جو عام طور پر سوزش اور خون کی نالیوں کے سخت ہونے سے وابستہ ہوتی ہیں۔

مزید پڑھیں:فنڈز ختم، مہم بند؟ عالمی ادارہ صحت کی خطرناک وارننگ سامنے آگئی

مرکزی محقق ڈاکٹر سووک سین جو یونیورسٹی آف ساؤتھ کیرولائنا میں نیورولوجی کے پروفیسر ہیں کا کہنا ہے کہ مسوڑھوں کی بیماری جسم میں سوزش بڑھاتی ہے اور یہی سوزش وقت کے ساتھ دماغ اور خون کی نالیوں پر تباہ کن اثر ڈالتی ہے۔

ایک دوسری تحقیق میں ان کی ٹیم نے یہ حیران کن نتیجہ نکالا کہ جن لوگوں کو دانتوں کا کیڑا اور مسوڑھوں کی بیماری دونوں تھیں، ان میں فالج کا خطرہ 86 فیصد زیادہ تھا اُن لوگوں کے مقابلے میں جن کے دانت صحت مند تھے۔

ڈاکٹر سین نے واضح کیا کہ اگر مسوڑھوں کی بیماری کے ساتھ دانتوں میں کیڑا بھی ہے، تو یہ دوہرا خطرہ ہے، فالج یا دل کے امراض کے امکانات تقریباً دوگنا ہوجاتے ہیں۔”

لیکن ایک اچھی خبر بھی ہے کہ روزانہ برش کرنا، فلاسنگ اور باقاعدہ دانتوں کا معائنہ کرانا فالج کے خطرے کو 80 فیصد تک کم کر سکتا ہے۔

تحقیق یہ بھی بتاتی ہے کہ اگرچہ ناقص دانتوں کی صحت براہِ راست فالج کا باعث نہیں بنتی، مگر منہ کی سوزش دماغی صحت کو متاثر کرتی ہے۔

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق، دنیا بھر میں 3.5 ارب افراد مسوڑھوں کی بیماری یا دانتوں کے کیڑوں میں مبتلا ہیں، جب کہ صرف امریکہ میں ہی ہر سال 7 لاکھ 95 ہزار افراد فالج کا سامنا کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ صحت مند زندگی چاہتے ہیں تو صرف دماغ کی نہیں، مسکراہٹ کی بھی حفاظت کریں، کیونکہ شاید آپ کا دانت ہی آپ کے دماغ کی قسمت لکھ رہا ہو۔

مزید خبریں