منگل,  18 نومبر 2025ء
اکثر سافٹ ڈرنکس پینے سے جسم پر مرتب ہونیوالے 6 اثرات

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سافٹ ڈرنکس یا میٹھے مشروبات کا استعمال موجودہ عہد میں کافی عام ہوچکا ہے۔

بیشتر افراد ان مشروبات کو پینا پسند کرتے ہیں۔

کبھی کبھار سوڈے کا استعمال تو باعث تشویش نہیں ہوتا مگر اکثر اسے پینے سے صحت متاثر ہوسکتی ہے۔

ان مشروبات میں موجود بہت زیادہ چینی یا مصنوعی سویٹنرز سے مختلف دائمی امراض، دانتوں کی کمزوری اور جِلدی مسائل کا خطرہ بڑھتا ہے۔

ذیابیطس اور امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے

میٹھے مشروبات جیسے سوڈا کا استعمال عادت بنانے سے دائمی امراض جیسے ذیابیطس ٹائپ 2 اور امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ یہ مشروبات ہر سال ان دائمی امراض کے لاکھوں کیسز کا باعث بنتے ہیں۔

چینی کی بجائے مصنوعی سویٹنر سے تیار کردہ مشروبات جیسے ڈائٹ سوڈا پینے سے بھی انسولین کی مزاحمت اور ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

مزید پڑھیں: دکانوں پر فروخت ہونے والی ”منرل واٹر بوتلیں“ انسانی صحت کےلیے کتنی خطرناک ہیں؟

جسمانی وزن میں اضافہ

چینی سے بنے مشروبات کا زیادہ استعمال موٹاپے کا شکار بنا سکتا ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سافٹ ڈرنکس کا استعمال معمول بنانے سے جسمانی وزن میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے۔

جِلد کی صحت متاثر ہوتی ہے

چینی کا زیادہ استعمال جِلد کی لچک کم کرتا ہے اور ایک پروٹین کولیگن کو نقصان پہنچاتا ہے۔

وقت گزرنے کے ساتھ جِلد پر قبل از وقت جھریاں نمودار ہو جاتی ہیں اور وہ لٹکنے لگتی ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سافٹ ڈرنکس کا استعمال کرنے والے جوان افراد کو کیل مہاسوں کا اکثر سامنا ہوتا ہے۔

دانتوں کے لیے تباہ کن

سافٹ ڈرنکس سے منہ کی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ان میں موجود چینی سے دانتوں کو نقصان پہنچتا ہے اور ٹوٹنے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اسی طرح ڈائٹ مشروبات بھی دانتوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

فالج اور ڈیمینشیا کا سامنا ہوسکتا ہے

تحقیقی رپورٹس میں روزانہ ایک ڈائٹ مشروب کے استعمال اور فالج اور ڈیمینشیا کے درمیان تعلق کو دریافت کیا گیا ہے۔

دیگر تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ چینی پر مبنی مشروبات کے استعمال سے فالج کا خطرہ، ناقص دماغی صحت اور الزائمر امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

کولیسٹرول اور خون میں چکنائی کی سطح پر منفی اثرات

جو افراد اکثر سافٹ ڈرنکس کا استعمال کرتے ہیں، ان میں نقصان دہ کولیسٹرول اور خون میں چکنائی کی سطح میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

کولیسٹرول اور اس چکنائی سے امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے۔

مزید خبریں