اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اگر آپ کو ذیابیطس یعنی شوگر کی بیماری لاحق ہو گئی ہے اور آپ اپنی زندگی کو بہتر اور معیاری بنانا چاہتے ہیں تو چند آسان اور مؤثر عادات اپنا کر آپ اسے قابو میں رکھ سکتے ہیں۔
تحقیقات کے مطابق ذیابیطس دنیا بھر میں ایک عام مگر خطرناک بیماری ہے جس سے ہر سال لاکھوں افراد متاثر ہوتے ہیں۔ اگر اس بیماری کو مناسب طریقے سے کنٹرول نہ کیا جائے تو یہ مختلف پیچیدگیوں کا باعث بن سکتی ہے۔
شوگر کے مریضوں کو زندگی میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی ضرورت نہیں، بلکہ چھوٹی مگر مستقل عادات اپنانا زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دوائیوں کے ساتھ باقاعدہ ورزش، خاص طور پر ہلکی پھلکی واک، اور ذہنی دباؤ سے بچاؤ صحت کے لیے نہایت ضروری ہے۔
متوازن غذا لیں جس میں سبزیاں، پروٹین اور فائبر شامل ہوں، اور کاربوہائیڈریٹس کی مقدار کم کریں۔ اگر کاربس لینا ضروری ہو تو دن کے وقت زیادہ ترجیح دیں، اور رات کے کھانے میں کم کریں۔ کھانے کو اچھی طرح چبائیں تاکہ ہاضمہ بہتر ہو اور خون میں شوگر کی سطح اچانک نہ بڑھے۔
کھانے کے بعد ہلکی واک توانائی بحال کرنے کے لیے مفید ہے۔ ذیابیطس کی باقاعدہ جانچ پڑتال کریں تاکہ علاج میں ضرورت کے مطابق تبدیلی کی جا سکے۔ ذہنی دباؤ کم کرنے کے لیے گہری سانس لینے کی مشقیں کریں یا مراقبہ کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔
یہ چھوٹی مگر اہم عادات ذیابیطس کو کنٹرول میں رکھنے اور صحت مند زندگی گزارنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
مزید پڑھیں: بچوں کی ویکسی نیشن پر غیر قانونی سروس چارجز (بھتہ وصولی) محکمہ صحت خاموش