کراچی (میاں خرم شہزاد) ضلع کورنگی کے علاقے ناصر جمپ پر واقع عزیز اسپتال میں بچوں کی ویکسی نیشن کے نام پر والدین سے فی بچہ/بچی سروس چارجز (بھتہ وصولی) وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ مین کورنگی روڑ ناصر جمپ پر عزیز اسپتال انتظامیہ کی جانب سے سرکاری ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر اہل علاقہ سراپا احتجاج ہیں اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ویکسی نیشن جو حکومتِ پاکستان کی جانب سے عوام کے لیے مفت سہولت ہے عزیز اسپتال (ناصر جمپ) انتظامیہ نے اسے کاروبار بنا کر والدین پر اضافی مالی بوجھ ڈال دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اسپتال کے عملے نے واضح طور پر فی بچہ سروس چارجز 50روپے ادا کرنے کی شرط رکھی ہے، بصورت دیگر ویکسی نیشن سے انکار کر دیا جاتا ہے۔
اہل علاقہ نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ صحت کمیشنر کراچی، ڈپٹی کمیشنر کورنگی اور متعلقہ ادارے اس غیرقانونی عمل پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعظم میاں شہباز شریف، گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر صحت سے اپیل کی ہے کہ عزیز اسپتال انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ویکسی نیشن کا عمل بلا معاوضہ یقینی بنایا جائے۔
مزید پڑھیں: پراپرٹی مافیا کے چینلز سے منشیات کا پھیلاؤ: نوجوان نسل خطرے میں، حکام خاموش
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن جیسے حساس اور عوامی مفاد کے معاملے میں مالی مفادات کو ترجیح دینا بچوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور اس عمل سے عوام کا اعتماد سرکاری صحت کے نظام پر بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔