پیر,  04  اگست 2025ء
رات کے وقت آم کھانا فائدہ مند ہے یا نقصان دہ؟ شوقین افراد کیلئے بڑی خبر

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پھلوں کا بادشاہ ”آم“ وہ پھل ہے جو عام دن کو بھی خاص بنادیتا ہے۔ ویسے لوگ دن کوآم کھانا پسند کرتے ہیں مگر سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا رات کو اسے کھانا درست ہے؟ کیا یہ نقصان دہ ہو سکتا ہے؟

سچ بتائیں کبھی آپ کا رات کو کسی پھل کو کھانے کا دل چاہتا ہو اور فریج کھولتے ہی آم پر نظر پڑ جائے تو اس کی طرف ہاتھ بڑھنے سے روکنا مشکل ہوجاتا ہے؟ لیکن آم کے متعلق کچھ غلط فہمیاں بھی پائی جاتی ہیں۔

کچھ کہتے ہیں آم گرمی پیدا کرنے والا پھل ہے، کچھ کہہ دیتے ہیں یہ شوگر بڑھا دیتا ہے اور کئی لوگ ہاضمے کی فکر کرتے ہیں۔ تو اصل حقیقت کیا ہے؟

حقیقت یہ ہے کہ رات کو آم کھانا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور نہ ہی آپکے جسم نے ایسا کوئی اصول بنایا ہے جس میں رات کو آم کھانے کی نفی کی گئی ہو۔ آم کو کتنی مقدار میں اور کس کے ساتھ کھایا جارہا ہے اصل اہمیت اس کی ہے۔

آم کو عام طور پر ”گرم“ پھل سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر آیوروید اور یونانی طب میں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آم کھانے سے جسم کی اندرونی حرارت بڑھ سکتی ہے۔

اگر سائنس کی نظر سے دیکھا جائے تو آم وٹامنز، فائبر، اور قدرتی شکر کا ایک بہترین ذریعہ ہے جو ہاضمہ اور مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد دیتا ہے۔ لیکن یہ جسمانی گرمی کو بھی بڑھا سکتا ہے بشرطیکہ اسے زیادہ مقدار میں کھایا جائے۔ خاص طور پر گرم موسم میں یا بھاری، مصالحہ دار کھانے کے بعد سونے سے پہلے، تو یہ جلدی دانے، پیاس میں اضافہ، بے چینی، یا کچھ لوگوں میں ڈائریا کا باعث بن سکتا ہے۔

بھاری کھانے کے بعد آم کھانے سے پرہیز کریں

اگر آپ نے بھاری کھانا کھایا ہے اور اس کے فوراً بعد چند آم کھا لیے، تو یہ آپ کے ہاضمے پر بوجھ ڈال سکتا ہے اور آپ کو ہضم کرنے میں تکلیف ہو سکتی ہے۔ لیکن اگر ہلکے کھانے کے بعد آم کے چند ٹکڑے لیں تو یہ نہ صرف محفوظ ہے بلکہ صحت کے لیے بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔

آم وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے، آئرن کو جذب کرنے میں مددگار ہے اور اس میں موجود فائبر ہاضمے کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اس طرح، آپ کا نظامِ ہضم دیر سے کھانے کے باوجود آرام دہ رہتا ہے۔

مزید پڑھیں: پولیس اہلکاروں کی صحت اولین ترجیح: پولیس لائنز لاہور میں ہیپاٹائٹس بی ویکسینیشن مہم جاری

آم موڈ کو بہتر بناتا ہے رات کو بھی

آم میں موجود قدرتی شکر اور ٹرپٹوفن دماغ میں سیروٹونن بنانے میں مدد دیتا ہے، جو آپ کو پرسکون نیند اور خوشگوار احساس فراہم کرتا ہے۔ اگر آپ دن بھر تھکے ہوئے اور ٹینشن میں رہے ہوں تو آم کے چند ٹکڑے آپ کو پرسکون رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں

آم ہائیڈریٹنگ، ٹھنڈا اور سکون بخش ہوتا ہے

یہ بات بھی اہم ہے کہ آم ہائیڈریٹنگ پھل ہے۔ خاص طور پر گرم اور مرطوب شہروں میں، کچھ ٹھنڈے آم کے ٹکڑے جسم کو تھوڑی سی ٹھنڈک اور پانی کی کمی کو دور کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ بشرطیکہ انہیں تیز مصالحہ یا تیل والے کھانے کے فوراً بعد نہ کھایا جائے۔

روایتی ٹوٹکہ: آم کو پانی میں بھگونا

اگر آپ رات کو آم کھا رہے ہیں تو اسے کچھ دیر پانی میں بھگونا چاہیے تاکہ آم کی ”گرمی“ کم ہو جائے اور ہاضمے میں آسانی ہو۔ اگرچہ اس کا کوئی سائنسی ثبوت موجود نہیں ہے، لیکن بہت سے لوگ اسے اپنے تجربے سے فائدہ مند سمجھتے ہیں۔

انہیں ساتھ کھانے سے پرہیز کریں

رات کو آم کے ساتھ بھاری، تیل والے یا مصالحہ دار کھانے سے گریز کریں کیونکہ اس سے ہاضمے پر بوجھ پڑتا ہے اور نیند خراب ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر آئس کریم یا میٹھے کی اضافی اشیاء کے ساتھ آم کھانے سے بچیں۔

حد سے زیادہ آم کھانے سے گریز کریں

آم کے دیوانے حٖرات اسے بے تحاشہ کھاتے ہیں۔ ضرورت سے زیادہ آم کھانا آپ کے جسم پر بوجھ ڈال سکتا ہے اور نیند میں خلل پیدا کر سکتا ہے، خاص طور پر اگر آپ شوگر کے مریض ہیں۔

لیکن اگر آپ اعتدال سے کھائیں مثلاً آدھا آم یا چند ٹکڑے کھانے کے بعد تو کوئی مسئلہ نہیں ہے اور آم کھانے کی کوئی پابندی نہیں کہ آپ کو شام کے بعد آم کھانے سے پرہیز کرنا چاہیے۔

یاد رکھیں آم صحت کا دشمن نہیں بلکہ ایک موسمی لذت ہے، ایک خوشی ہے، اگر صحیح طریقے سے کھایا جائے چاہے رات کو ہی کیوں نہ یہ نقصان سے زیادہ فائدہ مند ہے۔

آم کا لطف اٹھائیں، اس کی قدرتی مٹھاس اور غذائیت سے فائدہ اٹھائیں، چاہے دن ہو یا رات۔ بس خیال رکھیں کہ آپ کے کھانے کی ترتیب اور مقداراعتدال میں ہو۔

مزید خبریں