جمعه,  15  اگست 2025ء
منشیات کے خلاف آگاہی مہم، کیمپ اور واک کا کامیاب انعقاد

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — فیوچرلیڈرز ایجوکیشن سسٹم اور اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) کے اشتراک سے حافظ ثمامہ صغیر (سی ای او فیوچرلیڈرز ایجوکیشن سسٹم) کی قیادت میں منشیات سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی کیمپ اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر اے این ایف، سول سوسائٹی، اساتذہ کرام اور دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

کیمپ میں ڈی ڈی آر اے این ایف محمد عامر خورشید، ایس ایچ او تھانہ لوہی بھیر محمد زاہد، ایگزیکٹو ممبر پی ڈبلیو ڈی ہاؤسنگ سوسائٹی اسلام آباد رانا عبدالوحید اسلم، محبوب حسین، احمد خان، ابوبکر راؤ اور حسن رضا بھی موجود تھے۔ شرکاء نے منشیات سے بچاؤ کے حوالے سے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے جبکہ اسکول کے طالبعلم قومی پرچم تھامے ہوئے تھے جن کا جوش و خروش دیدنی تھا۔

ڈی ڈی آر عامر خورشید نے بریگیڈیئر حسن عباس کی نمائندگی کرتے ہوئے قوم کے نام پیغام دیا کہ “منشیات سے انکار، زندگی سے پیار ہمارا نعرہ ہونا چاہیے۔ نوجوان نسل اس لعنت کا شکار ہو رہی ہے، ہمیں مل کر اس ناسور کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔” انہوں نے کہا کہ منشیات ایک زہریلا قاتل ہے جو انسان کی صحت، سوچ، کردار اور معاشرے کو تباہی کی طرف لے جاتا ہے۔ انہوں نے نشے کے عادی افراد کو “نشہ چھوڑیں، زندگی اپنائیں – اے این ایف کی ہیلپ لائن: 1415” پر رابطہ کرنے کی ترغیب دی۔

حافظ ثمامہ صغیر نے اے این ایف کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ “ہم سب کو مل کر منشیات سے پاک، صحت مند اور باشعور معاشرہ تشکیل دینا ہوگا۔ فیوچرلیڈرز ایجوکیشن سسٹم آئندہ بھی ایسی مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنتا رہے گا۔”

یہ مہم نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے اور منشیات کے خلاف قومی جدوجہد کو مضبوط بنانے میں ایک اہم قدم ثابت ہوئی۔

مزید خبریں