ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی کا مطالبہ، پمز میں چوتھے روز بھی احتجاج جاری

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں ہیلتھ ملازمین کی جانب سے ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی کے لیے احتجاج چوتھے روز بھی جاری رہا۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر 2014 میں بند کیا گیا الاؤنس بحال کرے۔

چیئرمین ایف ایچ اے (Federal Health Alliance) چوہدری قمر جاوید گجر نے احتجاجی ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں ہیلتھ ملازمین کی مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ الاؤنس دیا تھا، جسے ن لیگ کی حکومت نے 2014 میں بند کر دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی ایک بار پھر اپنا کردار ادا کرے اور اس اہم معاملے پر آواز بلند کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ہیلتھ ملازمین کا یہ بنیادی حق بحال نہیں کیا جاتا، ہمارا ٹوکن احتجاج جاری رہے گا۔ اگر حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو احتجاج کا دائرہ پورے ملک تک وسیع کر دیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ حکومت پر عائد ہوگی۔

احتجاجی مظاہرے سے دیگر مقررین جن میں میڈم نائلہ جیسی، چن شہزاد، شاہد خٹک، راجہ رب نواز، نوید آزاد، تنویر نوشاہی، میڈم سمینہ یعقوب، فیصل تنولی، راجہ بلال، راؤ صداقت، طارق مٹو اور دیگر شامل تھے، نے بھی خطاب کیا اور ملازمین کے حقوق کی بحالی پر زور دیا۔

ہیلتھ ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ مریضوں کی خدمت میں پیش پیش رہتے ہیں اور انہیں ان کے حق سے محروم کرنا سراسر ناانصافی ہے۔

مزید خبریں