راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز ) ورلڈ کڈنی ڈے کے حوالے سے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) کے نفرالوجی ڈیپارٹمنٹ اور سٹی لیب کے تعاون سے اسلام آباد میں ایک واک، سیمینار اور میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ واک کے مہمان خصوصی سابق صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر تھے جبکہ اس واک میں ہیڈ آف نفرالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ساجد عباسی، ڈاکٹر وقار ضیاء، ڈاکٹر شاہانہ، ڈاکٹر حسن، ڈاکٹر مریم، ڈاکٹر علی مراد اور دیگر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ اس واک میں عوام کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اپنا کر ہم بہت ساری بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں ڈیڑھ سے پونے دو کروڑ افراد گردے کی بیماریوں میں مبتلا ہیں اور بدقسمتی سے پاکستان میں اس شعبے میں زیادہ ترقی نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ سال میں ایک دفعہ اپنا مکمل طبی معائنہ ضرور کروائیں۔ ترقی یافتہ ممالک میں حکومتوں کی جانب سے گھروں میں جاکر طبی معائنوں کا اہتمام کیا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ان ممالک میں اوسط عمر زیادہ اور شرح اموات کم ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے حکومتوں پر زور دیا کہ اس وقت چونکہ اتنی بڑی تعداد میں مریض ہیں، اس لئے زیادہ سے زیادہ جدید ہسپتال بنائے جائیں تاکہ لوگوں کو جدید علاج کی سہولت مل سکے۔
ڈاکٹر ساجد عباسی نے کہا کہ گردوں کی بیماری ایک ایسی بیماری ہے جس سے ہم احتیاطی تدابیر اختیار کرکے بچ سکتے ہیں اور ہمیں چاہیے کہ جیسے ہی تکلیف شروع ہو، فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ آخر میں شرکاء میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے گئے۔