کراچی (میاں خرم شہزاد) چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی ہدایات پر پولیو ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر 11 تپے داروں کو معطل کر دیا گیا۔ چیف سیکریٹری سندھ کی ہدایت پر کمشنر کراچی نے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
پولیو مہم کے دوران ضلع ملیر اور ضلع ویسٹ کے مختلف سب ڈویژنز میں تعینات تپے داروں کی معطلی کی گئی ہے۔ معطل ہونے والوں میں منشی ظفر خاصخیلی، علی گل کلہوڑ، سرفراز کٹپر، نور الدین جکھرانی، مزار خان بجارانی، امان اللہ، سلیم رضا، منشی ممتاز کلہوڑ، عابد شاہ، دہنی بخش اور عبدالقادر کے نام شامل ہیں۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ ریونیو اور بلدیات، اور ٹاؤن ملازمین کو پولیو ٹیم کی معاونت کے لیے فیلڈ میں موجود رہنے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ آصف حیدر شاہ کا کہنا تھا کہ “پولیو ڈیوٹی سے غیر حاضر سرکاری ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ پولیو مہم کے کامیاب نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔”
یہ اقدامات سندھ حکومت کی پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کیے گئے ہیں، اور چیف سیکریٹری نے مہم کے دوران کسی بھی غفلت کو برداشت نہ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔