بیجنگ (روشن پاکستان نیوز) چین نے کورونا وائرس سے متعلق امریکی سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی کی رپورٹ مسترد کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ میں چینی سفارتخانے کے ترجمان لیو بنگ یو نے کہا کہ سی آئی اے کی رپورٹ پر کوئی اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم کورونا وائرس کی اصل کو سیاسی بنانے کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔ اور ہم سب سے ایک بار پھر سائنس کا احترام کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
چینی سفارتخانے کے ترجمان نے کہا کہ ہم سازشی نظریات سے بھی دور رہنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پیکا ترمیمی ایکٹ کالعدم قرار دیا جائے ، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست
واضح رہے کہ امریکی سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی کے گزشتہ ہفتے کو جاری ہونے والی اپنی حالیہ رپورٹ میں اعلان کیا تھا کہ ممکنہ طور پر اس وبائی مرض کا ذمہ دار وائرس لیبارٹری سے لیک ہوا ہے۔
ایجنسی نے چین پر الزام عائد کیا تاہم یہ اعتراف بھی کیا کہ اسے حاصل کردہ اپنے ہی نتائج کے بارے میں مکمل اعتماد نہیں ہے۔