اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)اگر آپ کینسر جیسے جان لیوا مرض سے خود کو بچانا چاہتے ہیں تو کافی اور چائے جیسے مشروبات کا استعمال عادت بنالیں۔
یہ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
Utah یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ چائے یا کافی پینے سے کینسر کی مخصوص اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں کینسر کے شکار ساڑھے 9 ہزار افراد پر ہونے والی 14 تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں؛ مونگ پھلی اور تل کے لڈو: سردیوں کی صحت بخش اور ذائقے دار ترکیب
ان تحقیقی رپورٹس میں ان مریضوں سے سوالناموں کے ذریعے گرم مشروبات کے استعمال کے حوالے سے تفصیلات حاصل کی گئی تھیں۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ 4 یا اس سے زائد کپ کافی پینے سے سر اور گردن کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ 17 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق کافی پینے کی عادت کو معمول بنانے سے حلق کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ 22 فیصد جبکہ منہ کے کینسر کا خطرہ 30 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
اسی طرح روزانہ محض ایک کپ چائے پینے سے کینسر کی ان اقسام کا خطرہ 9 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ گرم مشروبات کے استعمال اور کینسر سے تحفظ کے درمیان تعلق کو سمجھنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
مگر ان کا کہنا تھا کہ چائے اور کافی میں موجود حیاتیاتی مرکبات ممکنہ طور پر کینسر کے پھیلاؤ کو سست کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ چائے اور کافی کا استعمال صحت کے لیے مفید ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق اس حوالے سے مزید تحقیق ہونی چاہیے تاکہ علم ہوسکے کہ کینسر کا خطرہ کم کرنے میں چائے اور کافی جیسے مشروبات کا کردار کیا ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ تحقیق کچھ حوالوں سے محدود تھی کیونکہ نتائج کے لیے لوگوں کی جانب سے فراہم کی گئی تفصیلات پر انحصار کیا گیا۔
اس تحقیق کے نتائج جنرل کینسر میں شائع ہوئے