جمعرات,  21 نومبر 2024ء
امریکا : آرگینک گاجروں سے خطرناک وبا پھیل گئی

نیو یارک(روشن پاکستان نیوز) امریکا میں آرگینک گاجروں کے استعمال سے چھوٹی آنت کے انفیکشن کی وبا نے درجنوں افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ایک شخص کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے۔

خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی ایل اے کاؤنٹی میں آرگینگ گاجریں کھانے سے چھوٹی آنت کے انفیکشن ایکولی کا شکار ہوکر ایک شخص ہلاک جبکہ درجنوں بیمار ہوگئے۔

وبائی مرض پھیلنے سے امریکا کی 18 ریاستوں کے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں، صورتحال اتنی سنگین ہوگئی کہ آرگینگ گاجریں فروخت کرنے والے معروف اداروں نے مارکیٹوں سے اپنا مال واپس منگوا لیا۔

وبا سے کل 39 افراد متاثر ہوئے جن میں سے 15 کو اسپتال میں داخل کرایا گیا، لاس اینجلس کاؤنٹی کے صحت کے محکمے نے تصدیق کی کہ اس وبا سے دو مقامی افراد بہت زیادہ متاثر ہوئے جن میں ایک 65 سالہ شخص کی موت واقع ہوگئی جبکہ دوسرے کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

یہ گاجریں اب اسٹورز میں دستیاب نہیں ہیں لیکن سی ڈی سی نے خبردار کیا ہے کہ صارفین ان گاجروں کو ہرگز نہ کھائیں اور اپنے فریج یا فریزر میں موجود گاجروں کو فوری طور پر ضائع کر دیں، رپورٹ کے مطابق ان آرگینک گاجروں کو 14 اگست سے 23 اکتوبر تک فروخت کیا گیا تھا۔

مرض کی علامات 

ایکولی انفیکشن کی علامات عام طور پر 3 سے 4 دن کے اندر ظاہر ہوتی ہیں، جس میں شدید پیٹ میں درد، خون آلود دست، اور قے شامل ہیں۔ ایکولی کمزور قوت مدافعت کے افراد، بزرگوں اور کمزور بچوں کے لیے جان لیوا بھی ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: تمباکو کی جدید نیکوٹین مصنوعات پر فوری کاروائی عوامی صحت کے لیے ضروری ہے، سپارک

یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ امریکا میں نجی فاسٹ فوڈ چین کے مشہور برگر سے ایکولی پھیلنے لگا تھا جس کے باعث ایک شخص ہلاک اور 100 سے زائد بیمار ہوگئے تھے۔

مزید خبریں