راجستھان(روشن پاکستان نیوز) بھارت میں ایک انوکھے آپریشن کے بعد 70 سالہ شخص کے پتے سے ہزاروں کی تعداد میں چھوٹی چھوٹی پتھریاں کامیابی سے نکال لی گئیں۔
بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے کوٹہ میں ایک مریض کی انوکھی سرجری کی گئی جس میں اس کے پتے کے مثانے سے کم از کم 6 ہزار 110 پتھریاں نکالی گئیں جن کا سائز دگنا ہوگیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق معروف لیپروسکوپک سرجن ڈاکٹر دنیش جندال نے مریض کا آپریشن کیا۔ سرجری میں تو صرف 30 منٹ لگے لیکن پتھریاں گننے میں ڈھائی گھنٹے کا وقت لگ گیا۔
مریض کو کئی سالوں سے پیٹ میں درد، الٹی اور دیگر پیچیدگیوں کی شکایت تھی ہر ممکن علاج کے باوجود اسے کوئی آرام نہیں ملا تھا۔
لیپروسکوپک سرجن دنیش جندال نے مریض کا آپریشن کیا، جندال نے میڈیا کو بتایا کہ مریض کی سونوگرافی سے پتہ چلا کہ پِتہ پتھری سے بھرا ہوا تھا اور پتے کا سائز تقریباً دوگنا ہو کر 7×2 سینٹی میٹر سے 12×4 سینٹی میٹر ہو گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ “یہ ایک نازک معاملہ تھا کیونکہ پِتے میں پتھری مریض کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے۔ وہ لبلبہ میں سوزش، یرقان اور یہاں تک کہ کینسر کا شکار ہو سکتا تھا”۔
مزید پڑھیں: شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں بھارتی وفد کا پاکستان نہ آنے کا فیصلہ
ڈاکٹروں نے آپریشن جمعہ کو کیا اور مریض کو اگلے دن ڈسچارج کر دیا گیا تھا، اب وہ مکمل طور پر فٹ ہے اور گھوم پھر رہا ہے،ڈاکٹر جندال کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران بہت زیادہ احتیاط برتنی پڑی کیونکہ پتے میں سوراخ ہونے کی وجہ سے پتھری پیٹ میں پھیل سکتی تھی اور مریض کو انفیکشن کا خطرہ تھا۔